جس دن جماعت اسلامی نے اسلام آباد کا رخ کرلیا ، حکمرانوں کو گھر بجھوائے بغیر واپس نہیں آئے گی‘ سراج الحق کی بڑی دھمکی

لاہور/باجوڑ (این این آئی)جس دن جماعت اسلامی نے اسلام آباد کا رخ کرلیا ، حکمرانوں کو گھر بجھوائے بغیر واپس نہیں آئے گی‘سراج الحق کی بڑی دھمکی، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کل تک وزیراعظم قوم کو ریاست مدینہ کے خواب دکھا رہے تھے اور آج کہتے ہیں کہ میں پاکستان میں

چائنا کا نظام لانا چاہتاہوں ، پاکستان چینی، امریکی یا برطانوی نظام کے لیے نہیں ، اسلامی نظام کے لیے بنا ہے۔ وزیراعظم چین ، امریکہ یا جہاں جانا چاہتے ہیں چلے جائیں ،پاکستان کی جان چھوڑ دیں،حکمرانی بچوں کا نہیں،سنجیدہ لوگوں کا کام ہے ،وزیراعظم کی سونامی بدنامی بن کر گزر گئی اب ان کے خلاف عوامی سونامی آئے گا سونامی سے لوگ شیطان کی طرح پناہ مانگتے ہیں ۔سونامی کی وجہ سے مہنگائی اور تباہی ہے اور ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے ۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہر مشکل میں حکومت کے ساتھ کھڑی رہیں ۔دونوں سابقہ حکمران پارٹیاں پی ٹی آئی حکومت کی سہولت کار ہیں ۔فیٹف کے کہنے پرمساجد اور مدارس کے خلاف قوانین بنانے میں دونوں پارٹیوں نے حکومت کا ساتھ دیا۔ان کے درمیان پالیسیوں پر اختلاف نہیں ، اسٹیبلشمنٹ کے فیڈر پر لڑائی ہے ۔جماعت اسلامی ظلم و جبر اور استحصال کے اس نظام کو بدلنا چاہتی ہے۔ ہم ملک میں قرآن و سنت کا نظام اور حقیقی جمہوریت کا قیام چاہتے ہیں ،ہم اپنی آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ پاکستان چاہتے ہیں ۔پی ٹی آئی نے قومی اداروں کو متنازع بنایا۔عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیاہے ۔اب اسلام آباد کی طرف مارچ کا وقت قریب آن پہنچاہے ۔اسٹیٹس کو کے نظام کو بدلنا ہے ۔جب جماعت اسلامی دھرنا دے گی تومطالبات کی منظوری تک واپس نہیں آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باجوڑ میں مہنگائی اور بے روز گاری کے خلاف تحریک کے پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ سے خیبر پختونخواہ کے امیر سینیٹر مشتاق احمد ویگر نے بھی خطاب کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close