کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آنے لگی، دنیا بھر میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ

اسلام آباد (پی این آئی) عالمی سطح پر کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں پچھلے دو ہفتے سے بھی کم وقت میں تقریباً 25 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ جمعہ کو پہلی مرتبہ ایک دن میں چارلاکھ سے زائد کیسز درج کیے گئے۔پچھلے چند ہفتوں کے دوران بیشترمغربی ممالک اور لاطینی امریکا کے بعض ملکوں میں ایک دن

میں سب سے زیادہ کیسز درج کیے گئے۔امریکا کو چھوڑ کر بیشتر حکومتو ں نے اس مہلک وائرس پر قابو پانے کے لیے سخت ترین اقدامات شروع کردیے ہیں۔دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس سے ساڑھے چار کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ تقریباً گیارہ لاکھ 70 ہزار لقمہ اجل بن چکے ہیں۔دنیا بھر کے کیسز کے 66 فیصد اور اموات کے 76 فیصد سے زائد کا تعلق یورپ، شمالی امریکا اور لاطینی امریکا سے ہے۔یورپ میں پچھلے دو ہفتوں سے کورونا وائرس کے نئے کیسز کی یومیہ تعداد دوگنا ہوگئی ہے۔ خبر رساں اداے روئٹرز کے مطابق یورپ میں بدھ کے روز پہلی مرتبہ ڈھائی لاکھ سے زائد نئے کیسز درج کیے گئے۔یورپ میں مجموعی طور پر اب تک تقریباً 95 لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ دو لاکھ 61 ہزار افراد کی موت ہوچکی ہے۔فرانس میں پہلی مرتبہ اتوار کے روز ایک دن میں ریکارڈ 50 ہزار سے زائد نئے کیسز درج کیے گئے۔کوروناوائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے نئے اقدامات اور پابندیوں کی وجہ سے یورو زون کی اقتصادی سرگرمیاں ایک بار پھر زوال کا شکار ہوگئی ہیں کیوں کہ اس خطے کی سب سے اہم سروس انڈسٹری کے کاروبار کو محدود کرنے کے لیے مجبور ہونا پڑا ہے۔کورونا وائرس کے آغاز کے بعد سے امریکا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں اب بھی سرفہرست ہے۔یہاں اب تک 92 لاکھ سے زائد افراد اس مہلک وبا سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ دو لاکھ 34 ہزار سے زائد ہلاک ہوگئے ہیں۔امریکا کے تقریباً تمام حصے کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور جمعے کے روز 84169 نئے کیسز درج کیے گئے جو کہ ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ یہ صورت حال ایسے وقت میں ہے جب اگلے منگل کو ملک میں صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں۔روئٹرز کے جائزے کے مطابق امریکا میں یومیہ اوسطاً تقریباً 75 ہزار نئے کیسزسامنے آرہے ہیں ا ور اگر احتیاطی تدابیر پر خاطر خواہ عمل نہیں کیا گیا تو فروری تک امریکا میں کووڈ 19سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرجائے گی۔ایشیا میں بھی سنیچر کے روز تک کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی تھی۔جو کہ دنیامیں دوسری سب سے بڑی تعداد ہے۔بھارت میں بھی کورونا کے نئے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔دنیا کی دوسری سب سے بڑی آبادی والا ملک بھارت کورونا سے سب سے زیادہ متاثر دنیا کا دوسرا ملک ہے۔ بھارت میں روزانہ اوسطاً 48 ہزار نئے کیسز سامنے آرہے ہیں جبکہ اب تک مجموعی طور پر 80 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ارب 30 لاکھ آبادی کو کووڈ۔19 کا ویکسین آنے پر ہر ایک کو فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ بھارت میں تمام سرکاری اور نجی صحت اہلکاروں کا ڈیٹا بیس تیار کیا جارہا ہے تاکہ ویکسین دستیاب ہوجانے کے بعد ٹیکہ کاری کا عمل جلد سے جلد مکمل کرلیا جائے۔ادھر مشرق وسطی میں ایران کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملکوں میں سرفہرست ہے۔ وہاں ہر تین منٹ پر ایک شخص کی موت ہورہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close