چیئر مین نیب کا بلیو ورلڈ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم کی جانب سے اربوں روپے لوٹنے کی شکایات کا نوٹس لے لیا ، تحقیقا ت کا حکم

اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے بلیو ورلڈ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم کی جانب سے عوام الناس سے مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے ذریعے اربوں روپے لوٹنے کی شکایا ت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بلیو

ورلڈپرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم نے آر ڈی اے سے لے آؤٹ پلان اور این اوسی کی منظوری کے بغیر غیر قانونی طور پر پلاٹوں کی نہ صرف بکنگ جاری رکھی بلکہ بڑے پیمانے پر تشہیر کر کہ عوام الناس سے مبینہ طور پر اربوں روپے لوٹے۔مزید بر آں راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین طارق محمود مرتضیٰ نے بھی بلیو ورلڈ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم کی غیر قانونی سر گرمیوں، عوام کو بڑے پیمانے پر لوٹنے اور آر ڈی اے کی طر ف سے کئے گئے اقدامات سے نیب کو آگاہ کیا ہے۔ چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب کو ہدایت کی ہے کہ بلیو ورلڈ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کے علاوہ عوام کی لوٹی ہوئی رقوم کی بر وقت واپسی کے لئے تما م قانونی اقدامات اٹھائے جائیں۔چیئرمین نیب نے عوام سے بھی کہا ہے کہ وہ کسی بھی ہاوسنگ سوسائٹی میں سرمایہ داری سے پہلے اس بات کی اچھی طرح جانچ پڑتال کر لیں کہ آیا متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی نے قواعد وضوابط کے مطابق قانونی طور پر لے آؤٹ پلان اور این اوسی حاصل کر رکھی ہے یا نہیں۔اگر متعلقہ سوسائٹی کے پاس قانونی دستاویزات موجود نہ ہوں تو سرمایہ کاری سے گریز کیا جائے۔ نیب نے میڈیا اور تما م اشتہاری ایجنسیوں سے بھی کہا ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سوسائٹی کی تشہیر سے پہلے متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی قانونی حیثیت کے بغیر اشتہارت کو شائع کرنے سے گریز کریں تاکہ عوام الناس کو دھوکہ دہی اور مالی نقصان سے بر وقت بچایا جا سکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close