کورونا کی دوسری لہر ، پاکستان کے کونسے 11شہروں میں وبا تیزی سے پھیلنے لگی، تشویشناک تفصیلات آگئیں

اسلام آباد (پی این آئی) کورونا کی دوسری لہر میں پاکستان کے 11 شہر عالمی وباء کے نشانے پر ہیں ، جن کی نشاندہی کے بعد این سی او سی اجلاس میں اہم فیصلہ کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراسدعمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ ملک کے 11

بڑے شہروں میں کورونا وائرس کےکیسزمیں 80 فیصد تک اضافہ ہوا ، ان شہروں میں کوئٹہ ، لاہور، راولپنڈی، کراچی، ملتان، پشاور، حیدرآباد، اسلام آباد، گلگت، اور آزاد کشمیر کا دارالحکومت مظفرآباد شامل ہیں ، جس کی بناء پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی طرف سے ملک بھر کے تمام شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز اور اموات میں اضافے کے بعد حکومت نے یہ سخت فیصلہ کیا ، وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا ، جس میں وزیرداخلہ اعجازشاہ، سیکریٹری صحت عامر اشرف خواجہ ، سربراہ قومی ادارہ صحت میجرجنرل عامراکرام ، سی ای اوڈریپ شریک ہوئے، اس کے ساتھ ساتھ صوبائی حکام نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی ، اجلاس میں میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق بریفنگ دی گئی ، اجلاس میں تعلیمی ادارے میں کورونا کیسز سامنے آنے کا بھی جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا حکومت اور نجی سیکٹرز کےتمام دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا ، این سی او سی نے تمام صوبوں کو ایس او پیز اور ماسک پہننے پر عمل درآمد کی ہدایت کی ، اور ہدایت کی کہ صوبوں کی طرف سے بازاروں، شاپنگ مالز ، پبلک ٹرانسپورٹ،ریسٹورانٹ میں ایس او پیز پر عمل کرایا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close