وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ،بغیر ماسک پہنے گھر سے نکلنے والوں کو جرمانہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بغیر ماسک پہنے گھر سسے نکلنے والوں کو جرمانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد ماسک پہنے بغیر گھر سے نکلنے والوں کیخلاف

کارروائی بھی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقت کا کہنا ہے کہ عید میلاد النبیﷺ تک اسلام آباد کے رہائشیوں کو وارننگ دی جائے گی، اس کے بعد ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانہ کیا جائے گا ۔ کرونا کیسز بڑھنے کے باعث اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی کو بھی 6 نومبر تک بند کردیا گیا تھا۔ قائداعظم یونیورسٹی کا کیفیٹیریا اور یونیورسٹی ہاسٹل بھی سیل کردیے گئے ہیں، طلباء کو کہا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد ہاسٹل خالی کردیں۔انتظامیہ نے کہا ہے کہ جو طلباء دوردراز سے آئے ہیں وہ اپنے متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان سے اجازت لے کر ہاسٹل میں رہ سکتے ہیں لیکن ہاسٹل میں ایس او پیز کا خیال رکھنا ضروری ہوگا۔ طلباء کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں ۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ضعیم ضیا نے قائداعظم یونیورسٹی کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کیا تھا۔یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایک گرلز کالج کو بھی سیل کردیا گیا ہے، کرونا کیسز کے باعث ایبٹ آباد یونیورسٹی کو بھی 3 دن کے لیے بند کردیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کرونا کیسز بڑھنے کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے کا عندیہ دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ اگر تعلیمی اداروں میں کرونا کیسز بڑھے تو طلباء کی زندگیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تعلیمی اداروں کو بند رکھا جائے گا

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں