سرکاری تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھنے پر 6 اسکول بند کر دئیے گئے

کراچی (این این آئی) ضلع ملیر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھنے پر 6 اسکول بند کر دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے سرکاری اسکولوں کے ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کرائے تھے، جس کے بعد کراچی کے ضلع ملیر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں

کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھنے پر چھ اسکول 5 روز کے لئے بند کر دئیے گئے، جب کہ ملیر کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (ڈی ای او) نے اسکول بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، اور اسکول پرنسپلز کو اسکول بند کرنے کے احکامات دے دئیے۔ڈی ای او ملیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 6 اسکولوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھنے کی تصدیق ہوئی ہے، پرنسپلز اسکولوں میں جراثیم کش اسپرے کرائیں اور متاثرہ افراد سے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی 5 دن کے لئے قرنطینہ کیاجائے۔نوٹیفکیشن میں احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ متاثرہ کلاسز اور کمروں کو 5 دن کے لئے ڈس انفیکٹ کرکے بند کردیا جائے، اور کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، مذکورہ اسکول یکم نومبر سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔کراچی میں کرونا کی وبا کے ساتھ اب ڈینگی بھی سراٹھانے لگا ہے جس کا اس بات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شہر میں اس وائرس کے روزانہ 40 سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ محمود اقبال کا کہنا ہے کہ کراچی میں روزانہ 40سے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور رواں ماہ کے دوران اب تک 906 افراد ڈینگی سے متاثر ہوچکے ہیں۔محمود اقبال نے بتایا کہ اکتوبر میں سب سے زیادہ 370 کیسز ضلع شرقی میں سامنے آئے ہیں جبکہ ضلع جنوبی سے 170، وسطی سے 152، کورنگی سے 45، ملیر سے 38 اور غربی سے 20 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں