اسلام آباد(پی این آئی)شاہ محمود قریشی کا ہمسایہ ملک سے ٹیلی فونک رابطہ، کیا کچھ زیر بحث آیا؟، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور افغان وزیر
خارجہ محمد حنیف آتمر کے مابین ہونے والے ٹیلیفونک رابطے میں افغان امن عمل ،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دیرینہ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان، خوشحال، پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے،خطے کا امن و استحکام، افغانستان میں قیام امن کے ساتھ وابستہ ہے،افغان شہریوں کی سفری مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے۔ ان کی سہولت کیلئے پاکستان نے نئی ویزا پالیسی کا اجراء کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے افغان ویلوسی جرگہ کے اراکین کے ساتھ ہونیوالے ملاقات سے بھی افغان ہم منصب کو آگاہ کیا اور کہا کہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا بہترین موقع موجود ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانا، افغان قیادت کی ذمہ داری ہے،افغانستان میں مستقل امن کےخواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا ضروری ہے،پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔ٹیلیفونک رابطے میںدونوں وزرائے خارجہ نے افعان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں