کراچی (این این آئی) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبا کیلئے صوبے کی سرکاری شعبہ کی جامعات میں 58 نشستوں کااضافہ کردیاہے۔انہوں نے یہ فیصلہ وزیر اعلی ہائوس میں محکمہ یونیورسٹیزاینڈ بورڈزکے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مشیر قانون
مرتضی وہاب ، سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز علم الدین بلو ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ سندھ میں 25 پبلک سیکٹر کی جامعات ہیں جن میں میڈیکل ، انجینئرنگ اور جنرل شامل ہیں جہاں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی 162 نشستیں ہیں۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اصولی طور پر آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی نشستوں کا صوبے کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پی ایم ڈی سی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے صوبے کی 9پبلک سیکٹر جامعات میں 58 نشستوں کے اضافے کی اجازت دے دی ہے جبکہ باقی 16 یونیورسٹیوں کیلئے اجازت زیر عمل ہے۔ جامشورو یونیورسٹی میں اس وقت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی 2 نشستیں ہیں ، این ای ڈی یونیورسٹی میں 3سیٹیں ، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ میں 2، داد یونیورسٹی میں 10، شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپور میں 2 سیٹیں شامل ہیں۔ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں آزاد جموں و کشمیر کی 7نشستیں اور گلگت بلتستان کی 4نشستیں ہیں اور جامعہ کراچی میں مشترکہ طور پر 34 نشستیں ہیں۔وزیراعلی سندھ کی حالیہ منظوری کے بعد اب آزاد جموں و کشمیر کے پاس سندھ یونیورسٹی میں مزید 4نشستیں اور گلگت بلستان کی مزید11 نشستیں ہوں گی ، این ای ڈی میں 5، ڈا یونیورسٹی میں 3، داد انجینئرنگ یونیورسٹی میں 13 ، پی ایم سی شہید بینظیر آباد 1-1 اور شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپور میں 4-4 شامل ہیں۔ مہران یونیورسٹی میں آزاد جموں و کشمیر کی پانچ اور گلگت بلتستان کی چار نشستیں ہوں گی۔ اسی طرح آزاد جموں و کشمیر کی 7نشستیں ہوں گی اور ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈوجام میں گلگت بلتستان کی 8 مزید نشستیں ہوں گی۔ ان کے پاس کراچی یونیورسٹی میں 50 مشترکہ نشستیں بھی ہوں گی۔وزیراعلی سندھ نے صوبے کی سرکاری جامعات میں اپنی نشستوں میں اضافے پر آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اس کا پورا فائدہ اٹھائیں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں