کشمیر پر بھارتی جارحیت کے 73برس مکمل ہونے پرصدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیغام جاری کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)کشمیر پر بھارتی جارحیت کے 73برس مکمل ہونے پرصدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیغام جاری کر دیا، صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیر پر بھارتی جارحیت کے 73 برس مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غاصب بھارت مظلوم کشمیریوں کو طاقت کے ذریعے دبا نہیں سکتا۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج یومِ سیاہ منایا جارہا ہے۔ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مظلوم کشمیریوں کیلئے اپنے پیغام میں کہا کہ73 برس قبل آج ہی کے روز بھارت نے اپنی فوجیں کشمیر میں اتاریں تاکہ ریاست پر غیر قانونی قبضہ کیا جاسکے۔پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی جبکہ 5 اگست کو غیر قانونی اقدامات کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کی جس کا مقصد ریاست کے جغرافیے میں من چاہی تبدیلیاں کرنا تھا۔صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوجیوں نے 80 لاکھ کشمیریوں پر غیر انسانی مظالم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ آج مقبوضہ کشمیر دُنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکا ہے۔یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی فوج کی چڑھائی کو آج 73 برس مکمل ہو گئے۔ ایل او سی کے دونوں اطراف اور دُنیا بھر میں مظلوم کشمیری یومِ سیاہ منائیں گے۔ جس سال پاکستان آزاد ہوا ، اسی برس 27 اکتوبر کو بھارت نے اپنی فوج مقبوضہ کشمیر میں بھیج کر مسلم اکثریتی ریاست پر قبضہ کر لیا۔ مقبوضہ کشمیر، آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دیگر ممالک میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

close