اسٹیبلشمنٹ کے نمائندے سے ملاقات اور نواز شریف کی ناراضگی کی خبر بریک ہونے پر احسن اقبال کا ردِ عمل بھی آگیا

لاہور ، نارووال(پی این آئی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے اس امر کی سختی سے تردید کی ہے کہ پارٹی قائد میاں نواز شریف ان سے ناراض ہیں۔ مقامی اخبار کے مطابق احسن اقبال نے کہاکہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ انہوں نے خواجہ آصف اور رانا تنویر حسین کے ہمراہ اسٹیبلشمنٹ

کے کسی نمائندے سے ملاقات کی اور لاہور میں انہوں نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی اجازت کے بغیر نیب کی زیرحراست میاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ان کاکہناتھاکہ یہ سب من گھڑت اور ٹوسٹڈ سٹوری ہے۔یادرہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے اہم معاون شہزاد اکبر نے حال ہی میں کہا تھا کہ جس وقت شہباز شریف نیب کی حراست میں تھے اس وقت نون لیگ کے تین رہنمائوں نے ان سے ملاقات کی تھی اور میڈیا کے کچھ مبصرین نے اشارہ دیا تھا کہ نواز شریف نون لیگ کے ان رہنمائوں سے ناراض ہیں جنہوں نے نیب کی جیل میں شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اسلئے ناراض تھے کہ اُن تین نون لیگی رہنمائوں نے فوجی اسٹیبلشمنٹ کے سینئر نمائندے کی ’’درخواست‘‘ پر شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ یہ تین رہنما خواجہ آصف، احسن اقبال اور رانا تنویر حسین تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں