’ عمران خان دبائو میں کھیلنا جانتا ہے، گھبرانے والا نہیں‘ پی ڈی ایم کو واضح پیغام پہنچا دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ساری زندگی مقابلہ اور جدوجہد کرتے آئے ہیں، وہ دبائو میں کھیلنے کا گر جانتے ہیں گھبرانے والے نہیں، نواز شریف تین مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم رہے، ان کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وطن واپس آ کر عدالتوں

میں اپنے بدعنوانی مقدمات کا سامنا کریں، تمام سیاسی جماعتوں کو یہ کہنا چاہیے تھا کہ نواز شریف کو واپس آنا چاہیے لیکن بحث یہ ہو رہی ہے کہ حکومت انہیں کس طریقے سے واپس لائے گی، مریم نواز برطانیہ کے قانون کی بات تو کرتی ہیں لیکن اپنے ملک میں قانون کی بالادستی پر یقین نہیں رکھتیں۔ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ذاتی مفادات کا گروپ ہے، یہ لوگ اپنے مفادات کیلئے کچھ بھی کر سکتے ہیں، حکومت کو اپوزیشن کے جلسے جلوسوں کی کوئی پروا نہیں ہے، حکومت اپنے منشور کے مطابق عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر اعوان نے مزار قائد کی بے حرمتی کی لیکن اصل مسئلے سے توجہ ہٹا دی گئی، اپوزیشن شروع سے ایسے ہی کرتی ہے اصل مسئلے سے توجہ ہٹاتی ہے، ن لیگ نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا لیکن اس وقت بھی معاملے سے توجہ ہٹا دی گئی تھی، کراچی واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے پر حقائق سامنے آ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل پاکستان کو توڑنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں اور نواز شریف انہی کے ایجنڈے پر کھیل رہے یہں، سابق وزیراعظم کا بیانیہ دونوں ممالک کو سوٹ کرتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، آج تک کبھی وزیراعظم عمران خان نے مجھے نہیں کہا کہ اس خبر کو دبا دو لیکن میڈیا کا کام ایجنڈا سیٹنگ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 40 سال ملک میں حکمرانی کرنے والی ماضی کی حکومتوں کو چاہیے تھا کہ بجائے اس کے کہ وہ ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بناتیں اور اداروں کو مضبوط کرتیں انہوں نے اداروں کو مفلوج کیا، مریم نواز برطانیہ کے قوانین کی بات کرتی ہیں لیکن اپنے ملک میں قانون کی بالادستی پر یقین نہیں رکھتیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں