لاہور(پی این آئی)عثمان بزدار نے کھانے پینے کا مسئلہ حل کر دیا، ہر ضلعے میں لنگر خانہ قائم کرنے کا فیصلہ، فنڈز بیت المال فراہم کرے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سردار عون عباس بپی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے اموراورکمزور
طبقات کی فلاح وبہبود کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت ہوئی اور پنجاب کے ہر ضلع میں لنگر خانہ قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پناہ گاہوں اورلنگر خانوں کی مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت معاشرے کے کمزور طبقے کی فلاح کو سب سے مقدم سمجھتی ہے۔ بے آسرا اورضرورت مند لوگوں کی مدد ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عام آدمی کو بنیادی سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔پناہ گاہ جیسا فلاحی پروگرام صلہ رحمی کی مثال ہے۔ پناہ گاہوں میں مقیم افراد کو مفت کھانا بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ لاہورسمیت دیگر شہروں میں لنگرخانوں کے ذریعے مستحق افراد کومعیاری کھانا مہیا کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ذاتی نمودو نمائش پر فوکس کیا۔ سابق ادوار میں کمزور طبقے کا کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ پاکستان بیت المال اورپنجاب بیت المال نادار طبقات کی فلاح کیلئے بہترین انداز سے کام کررہے ہیں۔پاکستان بیت المال کو فلاحی منصوبوں میں ہر ممکن انتظامی تعاون فراہم کریں گے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو فلاحی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی بحالی اور ان کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لئے ہرممکن اقدام کر رہے ہیں۔ غریب لوگوں کی مدد قومی فریضہ ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری سوشل ویلفیئر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں