اسلام آباد(پی این آئی)سینئر صحافی اور تجزیہ کار انصار عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کو سب سے بڑا خطرہ نیب سےہے۔وزیراعظم اپوزیشن کو بے شک نہ چھوڑیں لیکن ملکی حالات پر توجہ دیں۔نجی ٹی وی کے پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی تجزیہ کار انصار عباسی نے کہا ہے کہ
وزیراعظم عمران خان سمجھتے ہیں کہ نوازشریف کو سزا دلوانا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کواپوزیشن سے توجہ ہٹا کر تھوڑی ملکی حالات پر بھی دینی چاہیے کیونکہ حالات اس وقت خراب ہوتے جارہے ہیں۔ معیشت ، گورننس اور مہنگائی بے قابو ہونے کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو ان مسائل پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ انصارعباسی نے کہا کہ بے شک اپوزیشن کو نہ چھوڑیں ان کو سزائیں دلوائیں،جیلوں میں ڈالیں لیکن کم از کم ملکی مسائل پر بھی توجہ دیں۔عموماًاپوزیشن لڑائی کے موڈ میں ہوتی ہے لیکن یہاں تو حکومت ہر وقت لڑائی کے لیے تیار ہوتی ہے، اپوزیشن کے خلاف وزیراعظم عمران خان کا رویہ خود جارحانہ ہوتا ہے۔انصارعباسی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھی کہہ چکے ہیں کہ نیب کی حراسمنٹ کی وجہ سے بیوروکریٹس کام نہیں کرتے۔کاروباری لوگ پیسے لگانے سے ڈررہے ہیں تو میرے خیال میں پی ٹی آئی حکومت کو اگر کسی سے خطرہ ہے تو وہ نیب ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ دھرنوں، جلسوں کے علاوہ اپوزیشن اور حکومت کو بیٹھ کر معاملات طے کر لینے چاہئیں تاکہ مسائل حل ہوں اور ملکی معاملات آگے چلیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں