یونیورسٹیوں میں 100 فیصد اور 50 فیصد سکالر شپ کے پروگرام کا اجراء، فیس نہ ہونے سے کوئی تعلیم سے محروم نہیں ہو گا، تفصیل جانیئے

لاہور(پی این آئی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بلوچستان،گلگت بلتستان اور رقبائلی اضلاع کے طلباء کیلئے4سالہ سکالر شپ پروگرام کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی یونیورسٹیز میں ان علاقوں کے3200طلباء کو 100فیصد اور16852طلباء کو 50فیصد سکالر شپ دی جائے گی۔72سالہ تاریخ میں پہلی

بارپنجاب سے اتنا بڑا سکالر شپ پروگرام دیا جارہا ہے, انشاء اللہ ان علاقوں کے کسی بھی طا لب علم کو فیس نہ ہونے کی وجہ سے یونیورسٹیز سے فارغ نہیں کیا جائے گا۔ایچی سن اور کیڈ ٹ کالجز سے بھی ان طلباء کے لیے سکالر شپ پروگرام کی تجاویز مانگ لیں ہیں, طلباء کو ان تعلیمی اداروں میں بھی سکالر شپ دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز گور نر ہاؤس لاہور میں بلوچستان،گلگت بلتستان اور قبائلی اضلاع کے مختلف یونیورسٹیز میں زیر تعلیم طلباء کے ہمراہ پریس کانفر نس کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت کی یہ واضح پالیسی ہے کہ اوپن میرٹ پر پنجاب کے تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے والے بلوچستان،گلگت بلتستان اور قبائلی اضلاع کے طلباء فیس نہ ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی سے فارغ نہیں کیے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں 10سالوں کے دوران کسی بھی وفاقی اور پنجاب حکومت نے بلوچستان،‘گلگ، بلتستان اور قبائلی اضلاع کے طلباء کے لیے سکالر شپ فنڈز نہیں دیا جسکی وجہ سے یونیورسٹیز نے ان علاقوں کے طلباء کو سکالرشپ کی فراہمی کا پروگرام ہی ختم کرد یا مگر اب پنجاب حکومت نے پہلے مر حلے میں 2کروڑ سالانہ دینے کا اعلان کرد یا ہے جو 4سال بعد 8کروڑ ہو جائیں گے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی تمام پبلک یونیورسٹیز اپنے خرچ سے 50فیصد سکالر شپ دیں گی اور ہاسٹل کی فیس میں بھی50فیصد رعایت دی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ سکالر شپ کے مسئلہ پر مَیں نے بلوچستان کا دَورہ بھی کیا ہے جہاں میری گور نراور وزیر اعلی بلوچستان کے علاوہ بلوچستان کے وزیر تعلیم سے بھی ملاقات ہوئی ہے اور جن طلباء کو پنجاب کی یونیورسٹیز میں 50فیصد سکالر شپ دی جائے گی انکو بقایا 50فیصد سکالر شپ بلوچستان کی حکومت دے گی اور ان طلباء کو کسی قسم کے پیسے نہیں دینے پڑ یں گے۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مَیں سماجی شعبے میں بھر پور کام کر نیوالے گوہر اعجاز،میاں احسن،میاں طلعت،انوار غنی اورجاوید بھٹی کا بھی شکر یہ اداکر تاہوں کہ جنہوں نے سالانہ 200اور4سالوں کے دوران 800طلباء کو 100فیصد سکالر شپ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں پر ائیوٹ یونیورسٹیز میں سے یوایم ٹی216طلبا،یونیورسٹی آف لاہور بھی216طلباء کو100فیصد سکالر شپ دے گی. ڈاکٹر امجد ثاقب کی زیر قیادت کام کر نیوالی اخوت فاؤنڈیشن 400طلباء کو 100فیصد سکالر شپ دے گی اور انشاء ہم ان علاقوں کے طلباء کے تعلیمی مشن کو ہر صور ت یقینی بنائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی بھی سالانہ100طلباء کو 100فیصد سکالر شپ کے ساتھ ساتھ ماہانہ 3ہزار روپے بھی دے گی پبلک یونیورسٹیز،سر کاری یونیورسٹیز اورفر ینڈز آف لاہور 3200طلباء کو سوفیصد جبکہ 16852طلباء کو 50فیصد سکالرشپ دی جائیگی جومجموعی طور پر20052طلباء کے لیے ریلیف ہوگا۔گور نر پنجاب نے کہا کہ پہلے مر حلے میں 4سال کیلئے اس سکالر شپ پروگرام کو شروع کیا جارہا ہے جس پرکروڑوں روپے خرچ ہوں گے, مَیں بلوچستان،گلگت بلتستان اور قبائلی اضلاع کے طلباء کو یقین دلاتاہوں کہ اسکے بعد بھی یہ سکالر شپ پروگرام ختم نہیں ہوگا کیونکہ ہم نے ایسے اقدامات کو یقینی بنایا ہے جسکی وجہ یہ پروگرام جاری رہے گا.

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close