لاہور (پی این آئی) ملک بھر میں عالمی وباء کے بڑھتے ہوئے کیسز کی بنا پر کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی طرف سے حکومت کو لاک ڈاؤن کی تجویز دینے پر غور شروع کر دیا گیا۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی جانب سے اسد اسلم کا ایک بیان میں کہنا
ہے کہ ملک بھر میں عوام کی طرف سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا ، اس سلسلے میں صرف مارکیٹس ہی نہیں بلکہ کسی بھی شعبے میں جاکر دیکھ لیا جائے تو وہاں پر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ، یہی بنیادی وجہ ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ایک بار پھر مزید تیزی سے پھیلنے کے امکانات بڑھ چکے ہیں ، اگر یہی حالات برقرار رہے تو اس سلسلے میں وفاقی حکومت کو ایک بار پھر سے اسمارٹ لاک ڈاون لگانے کی تجویز دیں گے۔اسی حوالے سے چیف سیکریٹری جواد رفیق ملک نے کہا ہے کہ پنجاب کےہسپتالوں میں کورونامریضوں کی تعدادبڑھ رہی ہے، ایک بار پھر ہسپتالوں میں کورونا کے باعث تشویشناک مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق انہوں نے بتایا کہ رواں برس یکم ستمبر کو پنجاب میں اموات کاتناسب 1.6 تھا جو کہ آج 6 فیصد تک پہنچ چکا ہے ، جب کہ صوبہ پنجاب میں کورونا کیسز کی شرح 0.92 سے بڑھ کر 1.33 ہوگئی۔دوسری طرف پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے مزید 13افراد جان کی بازی ہارگئے ،اس کے ساتھ ہی ملک بھر اس عالمی وباء کی وجہ سے مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 715 ہوگئی ہے ، جب کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 9 ہزار 855 ہوگئی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 736 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے ساتھ ہی ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 216 ہوچکی ، جہاں ملک بھر اس وقت فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 855 ہے ، تاہم اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 9 ہزار 646 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں ، جب کہ صوبہ سندھ میں مریضوں کی مجموعی تعداد 1لاکھ 42 ہزار 917 ، صوبہ پنجاب میں 1لاکھ 2 ہزار 253، پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 38 ہزار 886 ہے، صوبہ بلوچستان میں 15ہزار 767، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 18 ہزار 578 اور آزاد کشمیر میں 3ہزار 688 کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ، گلگت میں یہ تعداد 4127 بتائی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں