راولپنڈی(آئی این پی)ریلوے ورکرز یونین اور اتفاق ٹیکسی ڈرائیور یونین کے زیر اہتمام نکالی گئی ریلی کو پولیس نے کینٹ کے علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا‘ یونین رہنمائوں اور ایس ایچ او تھانہ رکینٹ کے درمیان مذاکرات کے بعد ریلی کو واپس ریلوے اسٹیشن کی جانب لے جا کر ختم کر دیا گیا۔ تفصیلات کے
مطابق جمعہ کے روز ریلوے ورکرز یونین اور اتفاق ٹیکسی ڈرائیور یونین کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ریلوے ورکرز یونین اور اتفاق ٹیکسی ڈرائیور ایسوسی ایشن کے صدر شوکت خان جدون اور ایس ٹی ای ایسوسی ایشن کے چیئرمین یونس جٹ نے کی۔ ریلی میں 200 سے زائد ٹیکسی ‘ رکشہ ‘ سوزوکیوں پر سوار سینکڑوں ریلوے مزدوروںاور ڈرائیور حضرات نے شرکت کی۔ ریلی اپنے مقررہ روٹ پر جانے کیلئے جونہی نکلی تو اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری نے ریلی کا راستہ روک لیا۔اس موقع پر ایس ایچ او کینٹ اور ریلی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ ایس ایچ او کینٹ نے ریلی انتظامیہ کو آگاہ کیا کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پرل کانٹینینٹل ہوٹل میں قیام پذیر ہے اور چونکہ ہم سب ملک کا امن قائم کرنے اور عالمی برادری میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنا چاہتے ہیں اس لئے اس موقع پر آپ ریلی نہ نکالیں اور زمبابوے کی ٹیم کے دورہ کے بعد آپ کو ریلی نکالنے کی اجازت دیدی جائے گی جس کے بعد شوکت جدون اور یونس جٹ نے ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے ریلی کو واپس ریلوے اسٹیشن کی طرف موڑ لیا اور ریلوے ورکرز یونین اور اتفاق ٹیکسی ڈرائیور یونین کے ورکرز پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں