سپریم کورٹ نے ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع دے دی

اسلام آباد(آئی این پی ) سپریم کورٹ نے محکمہ سیاحت سندھ میں کرپشن کے چار ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری میں دس روز کی توسیع کردی۔ نیب کے وکیل نے تیاری کے لئے وقت مانگ لیا۔ جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں عدالت عظمی کے دورکنی بینچ نے محکمہ سندھ سیاحت میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے

ملزمان غلام مرتضی داد پوتا، روشن علی کناصرو، الطاف میمن اور محمد اعظم کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے تیاری کی مہلت کی طلب کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح عدالتی حکم موصول ہوا ہے۔ کیس کی تیاری کے لئے وقت دیاجائے۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے چاروں ملزمان کی عبوری ضمانت میں دس روز کی توسیع کردی۔ ملزم الطاف حسین میمن،روشن علی کناسرو ، غلام مرتضی داد پوتا اور محمد اعظم پر محکمہ سیاحت سندھ میں 17 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کررکھی ہیِں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close