نیکٹا تھریٹ الرٹ نامنظور، تحریک جاری رہیگی، سکیورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے، بتا دیا گیا

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیکٹا کے تھریٹ الرٹ جاری ہوتے رہتے ہیں، پی ڈی ایم کی تحریک جاری رہے گی، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سیاسی قائدین اور جلسوں کی سیکیورٹی کی موثر پیش بندی کرے اور ناخوشگوار واقعات کو نہ ہونے

دیں۔ جمعرات کو قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی (نیکٹا)کی جانب سے جاری دہشت گردی کے حملے کے الرٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں کہاکہ ہماری حکومت میں بھی ایسے تھریٹ الرٹ آتے رہے ہیں لیکن یہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ سیاسی جلسوں اور قائدین کو تحفظ فراہم کریں، ہمارے دور حکومت میں دہشت گردی کے سنگین خطرات تھے، ہم نے اس کا مقابلہ کیا، پانچ سالوں میں شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں تحریک انصاف یا کوئی دوسری جماعت جلسے کرنا چاہتی تھی ہم سیکیورٹی فراہم کرتے تھے، پی ڈی ایم بھی ایک تحریک ہے جو جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر لوگ چاہتے ہیں کہ تھریٹ الرٹ جاری کر کے ہمیں رکوا دیں گے تو ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ہم اپنی تحریک جاری رکھیں گے اور کسی بھی جماعت کا جمہوری حق ہے کہ وہ جلسے کرے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سیکیورٹی فراہم کرے کیونکہ حکومت کا فرض صرف تھریٹ الرٹ جاری کرنا نہیں، ان کی ذمہ داری ہے تھریٹ الرٹ پر حفاظتی بندوبست کو موثر پیش بندی کرے اور ناخوش گوار واقعات کا سدباب کیا جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close