اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرامند تنگی نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب پر پیسے لے کر چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پیسکو تعینات کرنے کا الزام لگادیا۔جمعرات کو سینیٹ اجلاس میں سینیٹر بہرامند خان تنگی، عمر ایوب اور علی محمد خان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔بہرامند تنگی نے
کہا کہ جس چیف ایگزیکٹو پیسکو کو انہوں نے لگایا اس نے کتنے پیسے دیے؟ جبکہ پیسے لے کر پیسکو سی ای او کو لگایا تو علاقے میں بجلی کے میٹر بھی لگوا دیں۔وفاقی وزیر عمر ایوب نے سینیٹر بہرامند تنگی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ جھوٹ بول رہے ہیں، بہرامند تنگی نے تو میٹر کے معاملے پر میرا شکریہ ادا کیا تھا اور انہوں نے میرے آفس آکر کہا آپ لوگ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی والے نہیں، یہ چوری چکاری ان کا کام ہے۔وفاقی وزیر کو جواب دیتے ہوئے بہرامند تنگی نے کہا کہ یہ جھوٹ بول رہے ہیں، میں لعنت بھیجتا ہوں کہ میں اس کے دفتر جا کر تعریف کروں۔وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ بہرامند تنگی نے عمر ایوب پر الزم لگایا کہ پیسے لیکر چیف ایگزیکٹو لگایا۔علی محمد خان نے کہا کہ بہرامندتنگی نے عمران خان کی کابینہ پر الزام لگایا ہے، عمران خان کی کابینہ پیسے لے کر کام نہیں کرتی۔وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ کابینہ کا استحقاق مجروح ہوا ہے، معاملہ سینیٹ کی استحقاق کمیٹی کے سپرد کریں، جبکہ بہرامند تنگی استحاق کمیٹی کے سامنے الزام کو ثابت کریں۔علی محمد خان نے کہا کہ بہرامند تنگی یہ بات ثابت کریں ورنہ معافی مانگیں۔عمر ایوب نے کہا کہ یہ معاملہ نیب کو بھیجیں، یہ الزام غلط ثابت ہو گا، ورنہ پھر بہرامند تنگی میں ہمت ہو تو استعفیٰ دیں۔چیرمین سینیٹ نے معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں