لاہور(پی این آئی) صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کورونا وائرس کے باعث سکول دوبارہ بند ہونے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے،تعلیمی اداروں
کی بندش سےمتعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اس حوالے سےسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اورمحکمہ صحت پنجاب کی طرف سے مزید بتایا گیا ہے کہ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔سیکرٹری صحت کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کہا ہے کہ معلومات کی تصدیق کے لیےہیلپ لائن 1033پر کال یا ان باکس کریں۔دوسری جانب پنجاب میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس کورونا وبا کی وجہ سے پہلے ہی تعلیم کا کافی نقصان ہو چکا ہے اس لیے صوبے کے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ رواں برس سموگ کی وجہ سے تعطیلات نہیں ہوں گی،۔حکومت نے انصاف اکیڈمیز متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا جہاں سےطلبہ گھر میں بیٹھ کر لیکچر لے سکیں گے اور ٹیسٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں متعدد نجی اکیڈمیز کام کر رہی ہیں لیکن وہ بھاری فیسز لے رہی ہیں۔انہیں ایسی بہت سی رپورٹس ملی ہیں کہ اساتذہ نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ نصاب مکمل کروانے کے لیے اپنے بچوں کو ان نجی اکیڈمیز میں داخل کروائیں۔صبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا اپنے ایک بیان میں مزید کہنا تھا کہ آئندہ 6 ماہ کے اندر انصاف اکیڈمی قائم کی جائے گی ، جس کے تحت طلبا کو آن لائن لیکچرز دیے جائیں گے ، جب کہ اس اقدام سے والدین پر فیسوں کا اضافی بوجھ ختم ہو گا ، کیوں کہ اب بچے گھر بیٹھے آن لائن لیکچر لے سکیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں