اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاہے کہ ضابطہ کار پر عمل نہیں کیا توپھر سے لاک ڈاؤن اور انڈسٹریز کو بند کرنا پڑسکتا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق ایس او پیز پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت
ہے جس میں ہجوم والی جگہ جانے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور چہرے پر ماسک پہننا شامل ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملک میں کورونا وائرس کے بتدریج بڑھتے ہوئے کیسز اس سطح پر نہ پہنچ جائیں جس کے بعد ہمیں پہلے کی طرح پابندی لگانی پڑے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اگر کورونا کیسز کی تعداد مقررہ حد تک پہنچی تو کہیں انڈسٹریز، کاروباری زندگی کے مختلف شعبہ جات کو بند یا پابندی نہ لگانی پڑ جائے۔انہوںنے کہاکہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ایک طرف وبا کے پھیلاؤ کا سبب ہوگا تو دوسری طرف ہمارے سماجی اور اقتصادی امور مثاتر ہوں گے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے عوام سے اپیل کی کہ ذمہ دار شہری کے طور پر ہمیں ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس پر قابو پانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو عالمی پذیر آئی ملی ہے۔معاون خصوصی نے خدشہ ظاہر کیا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہمارے حاصل کردہ مثبت تنائج مایوسی میں بدل جائیں۔قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بھی خبردار کیا تھا کہ اگر کووڈ-19 کے روک تھام کے لیے نافذ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر بہتر طور پر عمل نہیں کیا گیا تو سخت اقدامات کیے جائیں گے۔این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وبا کے بڑھتے ہوئے ٹرینڈ کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں تمام چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں این سی او سی کو آگاہ کیا گیا کہ وائرس کے پھیلاؤ میں واضح اضافہ ہوا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی گئی کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔حال ہی میں وزیراعظم عمران خان نے موسم سرما میں کورونا کے کیسز میں اضافے کا عندیہ دیا تھا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں