آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے ووٹ دینا ہماری سب سے بڑی غلطی تھی ، ن لیگی رہنما کا اعتراف

لاہور (پی این آئی) سینئر لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے ووٹ دینا غلطی تھی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو مدت

ملازمت میں توسیع کیلئے ووٹ دینا ن لیگ کا غلط فیصلہ تھا۔محمد زبیر کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ماضی میں جو غلطیاں کی ہیں ان کا اعتراف بھی کیا ہے۔ اگر کوئی افسر غلط کام کرتا ہے تو اس پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اسے تو آپ نے تعینات کیا تھا اس لیے اب اعتراض نہ کریں۔ محمد زبیر کہتے ہیں کہ ہم نے ماضی میں غطلیاں کی ہیں تو ان غلطیوں کو قبول بھی کیا ہے۔ ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے ن لیگ سے زیادہ اور کوئی آواز بلند نہیں کرتا، اس بات کا بھی اعتراف کیا جانا چاہیئے۔یہاں واضح رہے کہ قائد ن لیگ میاں نواز شریف نے کچھ روز قبل گوجرانوالہ جلسے میں خطاب کے دوران عسکری قیادت ہر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ ان الزامات کے بعد تحریک اںصاف کی حکومت کی جانب سے جواب دیا گیا کہ اگر عسکری قیادت نے اتنا ہی برا کیا تھا، تو ن لیگ نے پھر آرمی چیف کی مدت ملازمت کی توسیع کیلئے ووٹ کیوں دیا؟ ن لیگ خود اداروں کو متنازعہ بنانا چاہتی ہے، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے ووٹ دے کر ریلیف حاصل کرنا چاہتی تھی، تاہم جب اداروں نے سیاسی و قانونی معاملات میں مداخلت سے انکار کیا، تو اب ن لیگ نے الزام تراشی شروع کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close