بلاول بھٹو نے نواز شریف کے بیانیے سے خود کو الگ کر لیا، کراچی جلسے میں ن لیگی قائد کو تقریر کی اجازت کیوں نہیں دی گئی؟

لاہور(پی این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے نواز شریف کے بیانیے سے خود کو الگ رکھ کرعقل مندی کا ثبوت دیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن کے اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے میں نواز شریف کی تقریر پر مؤقف دیتے ہوئے کہا

کہ بلاول بھٹو مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے نواز شریف کے فوج مخالف بیانیے سے خود کو الگ کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری ذاتی اطلاعات کے مطابق پیپلز پارٹی نے آج کراچی میں ہونے والے جلسے میں نوازشریف کی تقریر کے حق میں نہیں ہیں۔ صوبائی وزیر نے انکشاف کیا ہے کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے فیصلہ کیا ہے کہ آج وہ نواز شریف کو جلسے سے خطاب نہیں کرنے دیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بیگم صفدر اورمحمود اچکزئی نوازشریف کی تقریرکیلئے زورلگارہے ہیں۔لیکن پیپلز پارٹی اس بات پر آمادہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ن لیگ نے مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی ہے کہ وہ بات کریں اور میاں نواز شریف کی تقریر نشر کرنے کی اجازت دیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی اس مکس اچار پارٹی کے اندر فساد کا یہ پہلا قطرہ ہے، آئندہ چند ہفتوں کے دوران یہ آپ کو آپس میں لڑتے نظر آئیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اس مکس اچار اتحاد کا چند عرصے میں چورا چورا ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ وہی ہے جو نریندر مودی اور اجیت کمار دوول کا بیانیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ش لیگ اس وقت اندر ہے، م لیگ اور ن لیگ اس وقت اس مکس اچار پارٹی کا بھی اور اپنا بھی نقصان کرے گی۔ واضح رہے کہ ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ‏میاں نوازشریف پی ڈی ایم کے کراچی جلسے سے خطاب نہیں کریں گے تاہم کوئٹہ جلسے سے ویڈیو لنک پر نوازشریف کا خطاب ہو گا۔ نوازشریف کے فیملی ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ جلسے کے بعد ان کے گلے میں خراش کی وجہ سے تقریر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں