اپوزیشن جماعتوں کو آئندہ جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے کا عندیہ

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت کا اپوزیشن کو مزید جلسوں کی اجازت نہ دینے کا عندیہ، گزشتہ روز گوجرانوالہ میں طے پائے معاہدے اور کرونا ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں، اجازت نہ دینے کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کو تجویز دی گئی ہے کہ

آئندہ اپوزیشن کو کوئی جلسہ کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو گزشتہ روز کے پی ڈی ایم گوجرانوالہ جلسے میں معاہدےکی خلاف ورزی کی رپورٹ بھجوائی گئی ہے۔ رپورٹ میں گوجرانوالہ جلسے کے دوران معاہدے کی خلاف ورزی پر آئندہ جلسوں کی اجازت نہ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم سے کہا گیا ہے کہ اپوزیشن نے گوجرانوالہ جلسے کیلئے جو معاہدہ کیا تھا اس کی خلاف ورزی کی گئی۔اپوزیشن کی جانب سے تحریری معاہدہ کرنے کے باوجود اس کی خلاف ورزی کی گئی۔ جلسہ مقررہ وقت پرختم نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ جلسے اور لاہور سے گوجرانوالہ تک ریلیوں میں ایس او پیز کی کھلم کھلی خلاف ورزی کی گئی۔ ریلیوں اور جلسے میں کسی نے ماسک نہ پہنا، اور نہ ہی سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا۔ مریم نواز نے لاہور میں دوران ریلی تقریر نہ کرنے کے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔تحریر معاہدے میں طے ہوا تھا کہ مریم نواز راستے میں کسی استقبالیہ کیمپ میں خطاب نہیں کریں گی، تاہم انہوں نے شاہدرہ میں خطاب کر کے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ اس کے علاوہ جلسے کے دوران اسٹیج پر موجود کسی رہنما نے ماسک کا استعمال نہ کیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایس او پیز خلاف ورزی سے حالات زیادہ خراب ہونے کے خدشات ہیں، لہذا آئندہ اپوزیشن کو جلسہ کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان رپورٹ کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کریں گے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ اپوزیشن کا اگلا جلسہ کراچی میں شیڈول ہے۔ کراچی کے بعد کوئٹہ، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی حکومت مخالف جلسے کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close