وزیر داخلہ کی ہدایت پر 5807 افراد کے نام بلیک لسٹ سے خارج ، بلیک لسٹ کی بی کیٹیگری میں 42725 افراد کے نام شامل تھے

اسلام آباد(آئی این پی )وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی ہدایت پر 5807 افراد کے نام بلیک لسٹ سے خارج کر دیے گئے ہیں ،بلیک لسٹ کی بی کیٹیگری میں 42725 افراد کے نام شامل تھے ، وزیرداخلہ نے باقی افراد کے نام بلیک لسٹ سے خارج کرنے کیلئے جائزہ کمیٹی کا اجلاس سال میں دو مرتبہ منعقد کرنے کی ہدایت کردی۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ برگیڈئر(ر) اعجاز شاہ نے سالہا سال سے شہریوں کے نام بلیک لسٹ میں شامل رکھے جانے کا نوٹس لیا تھا اورڈی جی پاسپورٹ کو ہدایت کی تھی کہ وہ بلیک لسٹ کی بی کیٹگری میں شامل افراد کے نام فہرست سے خارج کرنے کیلئے جائزہ کمیٹی کا اجلاس منعقد کریں تا کہ معمولی وجوہات کی بناء پر شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے ۔ڈی جی پاسپورٹ نے 8اکتوبر کو چار سال بعد جائزہ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جس میں متعلقہ اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں بلیک لسٹ کی بی کیٹیگری میںشامل 42725 افراد کے ناموں کی فہرست پیش کی گئی ، جائزہ کمیٹی نے تفصیلی چھان بین کے بعد 5807 افراد کے نام بلیک لسٹ کی بی کیٹگری سے خارج کرنے کی سفارش کی جو منظور کر لی گئی ۔ وزیرداخلہ نے باقی افراد کے نام فہرست سے خارج کرنے کیلئے جائزہ کمیٹی کا اجلاس سال میں دو بار منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کمیٹی میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائے اور کوشش کی جائے کہ شہریوں کی مشکلات کم کرتے ہوئے انہیں سہولیات فراہم کی جائیں ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close