کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں عروج پر، ٹریفک پلان جاری کردیا گیا

کراچی(پی این آئی)کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں عروج پر، ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔کراچی کے باغ جناح میں 18 اکتوبر کو ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں، جلسے کے لیے تین مختلف اسٹیجز بنائے گئے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا بھی

اعلان کردیا ہے۔جلسے گاہ کے قریب گاڑیوں کو لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ 18اکتوبر کو کراچی میں پی ڈی ایم کے پاور شو کی تیاریاں عروج پر ہیں۔باغ جناح میں تین اسٹیج بنائے جا رہے ہیں۔ مرکزی اسٹیج 80×60 فٹ کا ہے جو مرکزی رہنماؤں کیلئے تیار کیا گیاہے جبکہ برابر میں دو مزید 40×50 فٹ کے دو اسٹیج تیار کیے گئے ہیں جس پر دیگر رہنما بیٹھیں گے۔انتظامیہ کے مطابق ابھی تک جلسہ گاہ میں 50 ہزار کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے، اسٹیج کے اطراف کنٹینرز لگا کر سیکیورٹی دیوار بنائی گئی ہے۔ اسٹیج کے سامنے خاردار تار لگائی گئی ہے۔دوسری جانب ٹریفک پولیس نے ٹریفک کے روٹ پلان کا اعلان کردیا ہے۔ جمشید روڈ اور تین ہٹی سےنمائش کی جانب عام شہریوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔شارع قائدین سے آنے والی ٹریفک کو نورانی سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ٹریفک پولیس کے مطابق شہری گرومندر سے سولجر بازار، جمشید روڈ سے جیل فلائی اوور، نیو ٹاؤن اور طارق روڈ کا راستہ اختیار کر سکیں گے۔ کراچی جیل چورنگی سے جمشید روڈ آنے والی ٹریفک کو سولجر بازار بزنس ریکارڈر روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ناظم آباد اور تین ہٹی سے آنے والے ہیوی ٹریفک کو گرومندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، چھوٹی گاڑیاں جاسکیں گی۔ٹریفک پولیس کے مطابق حیدآباد سے آنےوالے شرکاء براستہ واٹر پمپ اور لیاقت آباد سے جلسہ گاہ تک آسکیں گے۔ضلع وسطی سے آنے والے شرکاء گرومندر سے نشتر پارک یا طائی کراٹے گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرکے جلسہ گاہ جا سکیں گے۔ضلع غربی سے آنے والے شرکاء براستہ پاک کالونی، گارڈن چوک، صدر دواخانہ سے ہوتے ہوئےجلسہ گاہ جاسکیں گے۔ضلع جنوبی اور کورنگی سے آئے شرکاء براستہ شارع فیصل، شارع قائدین، خداداد کالونی انڈر پاس سے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ٹھٹہ اور ضلع ملیر و شرقی کے شرکاء پی پی چورنگی سے ریزیڈنٹ انجینیئر کے دفتر کے نزدیک گاڑیاں پارک کرکے جلسہ کے مقام پر جا سکیں گے۔گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے ٹریفک پولیس نے جگہیں مختص کیں ہیں۔ جلسے کے شرکاء گاڑیاں نشتر پارک، طائی کراٹے گراؤنڈ اور شارع قائدین انڈر پاس میں کھڑی کرسکیں گے۔ کوریڈرو تھری پر قائم ریزیڈنٹ انجینئر مزار قائد پر بھی پارکنگ کی جاسکے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close