لاہور (پی این آئی) غریب ممالک کے قرضوں کی ادائیگی میں6 ماہ کی توسیع ، پاکستان کو بھی بڑا ریلیف مل گیا، پاکستان کے ذمے 80 سے 90 کروڑ ڈالرز قرض کی واپسی موخر ہونے کا امکان، عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے 1 ارب ڈالرز سے زائد کے خصوصی فنڈ کی بھی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے
مطابق کورونا بحران کی وجہ سے جی ٹونٹی ممالک نے غریب ممالک کے قرضوں کی ادائیگی میں توسیع کردی ہے۔غریب ملکوں کو قرضوں کی واپسی کیلئے 6 ماہ کی توسیع دی گئی ہے۔ جبکہ پسماندہ غریب ملکوں کیلئی14 ارب ڈالر سے زائد قرضوں کی ادائیگی ملتوی کردی گئی ہے تاکہ وہ اپنی آمدنی سے کورونا کا مقابلہ کرسکیں۔ جی 20 ممالک کی تنظیم نے عالمی مالیاتی فنڈ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وباء کے دوران معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے ترقی پذیر ممالک کی فنڈنگ اور رکن ممالک کی ضروریات کی تکمیل کا تجزیاتی مطالعہ تیار کیا جائے۔بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستان کو بھی ریلیف ملے گا۔ جی 20کی طرف سے قرضوں کی ادائیگی میں 6 ماہ کی نرمی کرنے صورت میں پاکستان کی 80 سے 90 کروڑ ڈالر کی ادائیگیاں مؤخر ہوں گی۔ اس سے قبل بھی رواں سال قرضوں کی واپسی موخر کی گئی تھی جس سے پاکستان کو اس وقت 2 ارب ڈالرز کا ریلیف ملا تھا۔ جبکہ دوسری جانب عالمی بینک کے پاکستان کے ساتھ 1150 ملین ڈالر کے 2 مالیاتی معاہدے طے پا گئے۔ ورلڈبینک اور پاکستان کے مابین مالیاتی معاہدوں پر دستخط کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت حاصل ہونے والی رقم خیبرپختونخوا میں توانائی کے منصوبوں پر خرچ ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں