سکھر (پی این آئی) وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم بہت جلد خود اسمبلیاں توڑنے کی سفارش کریں گے، لیکن ہم انہیں اسمبلیاں تحلیل نہیں کرنے دیں گے، خان صاحب! عوام کی جان چھوڑ دیں، گھبرانا نہیں بلکہ آپ نے اب جانا ہے۔ انہوں نے سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے
ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک شروع ہوچکی ہے۔اب حکومت کا جانا ان کا مقدر ٹھہر گیا ہے۔ عمران خان بہت خود چلے جائیں گے یا پھر صدرمملکت کو اسمبلیاں توڑنے کی سفارش کریں گے۔ لیکن ہم انہیں ایسے اسمبلیاں تحلیل کرنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی دو رائے نہیں کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کرے گی۔ پی ڈی ایم نے متفقہ طور پراسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ کیا تو پیپلز پارٹی فوری عمل کرے گی۔اس حوالے سے کوئی دو رائے نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی کے بیانیئے کے سامنے سندھ حکومت کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ بلاول بھٹو لالہ موسیٰ سے ریلی کی صورت میں گوجرانوالہ جلسے میں جائیں گے۔ پی ڈی ایم کا 16 اکتوبر کو گجرانوالہ، 18 اکتوبر کو کراچی کے جلسے حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوں گے۔ اسی طرح مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کنٹینر اور رکاوٹیں کام نہیں آئیں گی، کل جمہوریت کی فتح ہوگی، گوجرانوالہ جانے والی ہر سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں،جلسے میں کئی لاکھ لوگ ہوں گے، حکومت نے مجبور ہوکر آج صبح 5 بجے جلسے کی اجازت دی، معاشی بدحالی،آٹا چینی مہنگاہوچکا ہے، حکومت ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ جانے والی ہر سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔ کنٹینر اور رکاوٹیں کام نہیں آئیں گی، کل انشاء اللہ جمہوریت کی فتح ہوگی۔ ایک طرف عوام مشکل میں ہیں، معیشت تباہ ہوچکی ہے، لیکن وزیراعظم ، وزیر سوائے اپوزیشن کو دھمکیاں دینے اور ہر قسم کے جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں، ملک میں کسی بھی پریشانی کا ذکر نہیں کرتے، کوئی وزیر نہیں بتاتا کہ اس کے محکمے نے عوام کو کیا ریلیف دیا، وزیراعظم آج تک عوام کی بات نہیں کرسکا، ملک کے اندرآٹا، چینی کیوں مہنگی ہے، بجلی گیس کے بل کیوں بڑھ گئے ہیں۔ وزیراعظم کو علم نہیں کہ غریب آدمی سب سے پہلے بجلی گیس کے بل ادا کرتا ہے پھر اپنی بچوں کے روٹی لیتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں