سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبا کو خوشخبری سنا دی گئی

لاہور (پی این آئی) سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کیلئے صحت کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکول ایجو کیشن کی طرف سے صحت کارڈز کے اجرا کے بعد طلباء صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے 25 ہسپتالوں سے بیماری کی صورت میں اپنا علاج

مفت کرواسکیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے یہ فیصلہ محکمہ صحت کے ساتھ مشاورت کے بعد سامنے آیا ، جس کے بعد دونوں محکمے باہمی تعاون کے ساتھ سرکاری اسکولوں میں مستحق طلباء کو صحت کارڈ جاری کریں گے ، اس مقصد کے لیے ایک مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے ، جس میں اسکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں ۔مزید یہ کہ کارڈ کے حصول کے لیے تمام طلباء کو اپنے والدین کے قومی شناختی کارڈز کی فوٹو کاپی جمع کروانا ہوگی ، جب کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں طلباء کو کارڈز کے اجراء کے لیے اسکولوں کا دورہ کریں گی ، جب کہ اس سلسلے میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کی طرف سے محمد عمران کو فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے ، جو کہ اسکولوں میں جاکر بچوں کے آئی ڈی کارڈز اور دیگر تفصیلات حاصل کریں گے۔دوسری طرف حکومت نے صحت انصاف کارڈ کا نام اور ڈیزائن تبدیل کردیا ، وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق حکومت نے ایک تاریخی انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے صحت انصاف کارڈ کا نام اور ڈیزائن تبدیل کردیا ہے۔کارڈ کا نیا نام قومی صحت کارڈ رکھ دیا ، کارڈ کا اجرا مرحلہ وار شروع ہونے والے نئے اضلاع سے کیا جائے گا ، قومی صحت کارڈ پاکستان کا تاریخی اور انقلابی منصوبہ ہے ، جس کے تحت غربت کی لکیر سے نیچے بسنے والے افراد کارڈ کے تحت اپنا علاج مفت کرواسکتے ہیں ، قومی صحت کارڈ کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلا دیا گیا ہے جب کہ پاکستان کے 90 اضلاع میں یہ پروگرام جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close