پنجاب پولیس عمران خان کے احکامات پر عمل نہ کرے، سابق وزیراعظم ملکی اداروں کو بغاوت پر اکسانے لگے

لاہور(پی این آئی) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پولیس کو چاہیے کہ ن لیگ اور پی ڈی ایم کے کارکنان کی گرفتاری کے عمران خان کے غیرقانونی احکامات پر عمل نہ کرے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے

کہا ہے کہ پولیس پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پی ڈی ایم کے کارکنان کو روکنے ، ہراساں کرنے یا پکڑنے کے عمران نیازی کے غیر قانونی اور غیر آئینی احکامات کو ماننے سے انکار کرے۔انہوں نے لکھا کہ پولیس ان کے ورکرز کو گجرانوالہ پہنچنے سے روکنے کے اقدامات نہ کرے۔ وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے احکامات ماننے سے انکار کردے۔واضح رہے کہ سولہ اکتوبر کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے گوجرنوالہ جلسے سے قبل مختلف شہروں میں متعدد سیاسی رہنماوں اور کارکنوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔گوجرانوالہ شہر کے داخلی اور خارجہ راستوں کو ممکنہ طور پر بند کرنے کیلئے کنٹینرز منگوا لیے گئے ۔ ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ میں اجازت کے بغیر کارنر مییٹنگ کرنے اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مختلف تھانوں میں 7 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔سی پی او سرفراز فلکی کے مطابق کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، این او سی کے بغیر کارنر میٹنگز اور عوامی اجتماع کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ دوسری جانب گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں جلسہ کی اجازت نہ ملنے پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے وکلاء نے ڈی سی دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close