گوجرانوالہ(آئی این پی)اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے جمعہ کو اپنا پہلا جلسہ جناح سٹیڈیم کی بجائے جی ٹی روڈ گوجرانوالہ میں کرنے کا اعلان کر دیا۔پی ڈی ایم کے جنرل سیکرٹری سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ انتظامیہ کو جناح سٹیڈیم میں جلسہ کرنے کیلئے
درخواست دی جسکا کوئی جواب نہیں دیا گیا، فیصلہ کیا ہے کہ پہلا جلسہ جی ڈی روڈ گوجرانولا شہر میں ہوگا ، وزیراعظم عمران خان نے 3 ماہ ڈی چوک پر جلسہ کیا اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا لیکن پی ڈی ایم کے جلسے کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی حکومت ‘پولیس گردی’ پر اتر آئی ہے،حکومت یہ جلسہ روک نہیں سکتی ،16اکتوبر کو پاکستان کے عوام مہنگائی کے خلاف عوامی ریفرنڈم میں شرکت سے ثابت کریں گے کہ وہ حکومت کی ناکامی سے تنگ آچکے ہیں، موجودہ حکومت کی تشکیل کردہ مشکلات کا چھٹکارے کا عمل گوجرانولا سے ہوگا۔بدھ کوگوجرانولا میں پی ڈی ایم کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اب حکومت یہ جلسہ روک نہیں سکتی کیونکہ 16 اکتوبر کو پاکستان کے عوام مہنگائی کے خلاف عوامی ریفرنڈم میں شرکت سے ثابت کریں گے کہ وہ حکومت کی ناکامی سے تنگ آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے پر امن اور جمہوری جدوجہد کے تحت چار بڑے جلسوں کا اعلان کیا ہے جس دن سے اے پی سی میں پی ڈی ایم کے قیام کا اعلان ہوا تب سے حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ گوجرانولا میں 16اکتوبر کے جلسے سے پہلے حکومت خبریں لگا رہی تھی کہ اپوزیشن جلسہ کرے انہیں کوئی پریشانی نہیں ہے لیکن آج پی ڈی ایم میں شریک کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔ ابھی تو پہلے جلسے کا اعلان ہوا ہے اس پر حکومت کی یہ کیفیت ہے کہ ان کا سانس پھول گیا۔انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ انتظامیہ حکومت کے احکامات پر غیرقانونی کارروائیاں کرنے سے گریز کرے اور وہ افسران انتقامی ایجنڈے کا حصہ نہ بننیں کیونکہ انہیں کل جواب دینا ہوگا۔احسن اقبال نے کہا کہ ابھی اطلاع ملی ہے کہ انتظامیہ نے یوتھ ونگ کے رہنما شعیب بٹ کی فیکٹری پر چھاپہ مارا ہے جبکہ وہ کوئی اجلاس نہیں ہو رہا تھا۔اس موقع پر رہنما مسلم لیگ (ن)اور پی ڈی ایم کے جنرل سیکریٹری شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے 3 اکتوبر کو انتظامیہ کو درخواست دی گئی تھی کہ جناح اسٹیڈیم میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں لیکن اب تک درخواست پر کوئی جواب نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا کہ پہلا جلسہ 16 تاریخ کو جی ڈی روڈ گوجرانولا شہر میں ہوگا اور میں آج پنجاب کے چیف سیکریٹری جواد رفیق، محکمہ داخلہ کے سیکریٹری مومن آغا، کمشنر گوجرانولا سمیت دیگر سے گزارش کروں گا کہ آپ وزیراعظم عمران خان کے ملازم نہیں ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آپ حکومت پاکستان کے ملازم ہیں، اگر آپ عوام کا آئینی حق چھینیں گے تو کل آپ کو انتظامی معمولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پی ڈی ایم کا تاریخی جلسہ ہوگا، پولیس ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، موجودہ حکومت کی تشکیل کردہ مشکلات کا چھٹکارے کا عمل گوجرانولا سے ہوگا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر آج حکومت پریشان نہیں ہوتی تو سیکڑوں کی تعداد میں کنٹینرز جمع نہیں کیے جاتے اور جلسہ کرنے کے لیے دی گئی درخواست پر جواب موصول ہوتا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں