گوجرانوالہ جلسے سے قبل راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہو گئی، گھروں پر چھاپے، ن لیگی روپوش ہونے لگے

راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی پولیس نے 16 اکتوبر گوجرانوالہ جلسے سے قبل مسلم لیگ (ن کے رہنمائوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی۔ راولپنڈی میں ن لیگ کے سینئر رہنمائوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے تاہم رہنماء بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔گزشتہ روز مسلم لیگ کے سابق ایم پی اے راجہ حنیف ایڈووکیٹ، سینئر

نائب صدر مرزا منصور بیگ ، سینئر رہنماء شیخ شیراز تصدق، مقبول احمد خان سمیت درجنوں رہنمائوں کے گھروں پر چھاپے مارے تاہم پولیس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کے چھاپوں کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء مرزا منصور بیگ اور شیخ شیراز تصدق نے مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت کامیاب ہو گا۔ مسلم لیگی کارکنوں کے گھروں پر پولیس کے چھاپوں سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے حوصلے مزید بلند ہو نگے۔ن لیگ کے کارکن بڑی تعداد میں گوجرانوالہ جلسے میں شریک ہو نگے۔ رہنمائوں نے پولیس چھاپوں کی مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاریاں اور اوچھے ہتھکنڈے ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔ ووٹ کی عزت کے بیانیے کو دبا نہیں سکتے۔ حکومت چاہے جتنا مرضی اوچھے ہتھکنڈوں کا سہارا لے لے 16 اکتوبر کا جلسہ ہر صورت کامیاب ہو کر رہے گا۔ 16 اکتوبر کا جلسہ حکومتی در ودیوار کی جڑیں ہلا دیگا۔جلسے میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز تاریخی خطاب کریگی جس میں وہ حکومت اور نیب کو بے نقاب کرینگی۔شیخ شیراز نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اٹھو زندگی والوں جلسے کی صورت میں کہ فرد فرد کی قسمت بدلنے والی ہے۔انہوں نے راولپنڈی کی انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہوش کے ناخن لیں حکومتیں آتی اور جاتی رہتی ہیں۔ انشاء اللہ نواز شریف کی حکومت دوبارہ آئے گی اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ کارکنوں کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو اس کا حساب دینا پڑے گا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close