اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب ) راولپنڈی نے 222متاثرین میں 7کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی ہے۔اس حوالے سے نیب راولپنڈی میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل نیب راولپنڈی نے متاثرین میں چیک تقسیم کئے۔ڈائریکٹر جنرل نیب نے ایک کروڑ کا چیک
چیئرمن پی اے آ ر سی کے حوالے کیا۔میسرز ایم پاک بلڈرز اینڈ ڈویلپرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے کیس میں 81 متاثرین میں 29861189روپے،این ٹی ایس فنڈز خرد برد کیس میں 18771000روپے ،نہال خان اور دیگر کے خلاف ریفرنس میں 138 متاثرین میں 14367000روپے اور ایک نجی بینک کو ایک لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئیڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہا کہ فراڈ اور دھوکہ دہی سے لوگوں کو ان کی محنت کی کمائی سے محروم کیا جاتا ہے۔اسلامی کاروبار اور اسلامی ناموں کے ذریعے سادہ لوح عوام کو دھوکا دیا جا تا ہے۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں جعلی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ذریعے دھوکہ دہی سے لوگوں کو لوٹا جا رہا ہے-۔ قومی احتساب بیورو چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایات کے مطابق نیب ملک سے کرپشن کے خاتمہ، احتساب کے عمل کو یقینی بنانے اور ان سب پر عملدرآمد اور پراسیکیوشن کے ساتھ ساتھ لوگوں میں بدعنوانی کی لڑائی کے خلاف آگاہی پیدا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب واحد ادارہ ہے جو ملک میں دیگر متعلقہ اداروں کے مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔یہ ریکوریاں نیب کی شاندار کارکردگی کا عکاس ہیں۔انہوں نے کہا کہ پلی بارگین کے ذریعے ملزم اپنے زمہ واجب الادا رقم ادا کرتاہے وہ دس سال کے لئے کسی بھی سرکاری عہدے کے لئے نا اہل ہو جاتا ہے۔نہ ہی وہ دس سال کے لئے کسی بینک سے قرضہ لے سکتا ہے۔پلی بارگین کے ذریعے وصول کی گئی رقم متاثرین میں تقسیم کی جاتی ہے۔نیب افسران و اہلکاران اس میں سے ایک پائی نہیں لیتے۔انہوں نے کہاکہ نیب بدعنوان عناصر اور ان کے سر پرستوں پر ہاتھ ڈال رہا ہے جس بناء پر نیب کے خلاف وشنام طرازی کی جاتی ہے۔نیب راولپنڈی کے افسران چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں قانون کے مطابق محنت،دیانتداری ،شفافیت اور میرٹ پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کسی بھی طرح کی سرمایہ کاری سے قبل اس کے بارے میں چھان بین کر لینی چاہئے۔انہوں نے نیب افسران بالخصوص اڈیشنل ڈائریکٹر حماد نیازی ، ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالماجد،ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان اکبر اور انویسٹی گیشن آ فیسر سجاد اکرم کی کارکردگی کی تعریف کی۔اس موقع پر متاثرین نے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال اور ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی قیادت میں نیب راولپنڈی کی کارکردگی کو سراہا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں