نواز شریف کی پاکستان کو حوالگی کے حوالے سے پاکستان نے برطانوی حکومت سے رابطہ کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کے مشیر بابر اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے حکومتی اقدامات میں تیزی آگئی، اس حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ

سطح کے رابطے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔وزیراعظم کے مشیر اور ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے ایکسٹرڈیشن پر متعلقہ حکام سے رابطے جلد منظر عام پر آ جائیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر بابر اعوان نےکہا کہ نواز شریف کی ایکسٹرڈیشن کیلئے 3مراحل میں کام ہو رہا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے باضابطہ ایکسٹرڈیشن کی درخواست کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی ماہ ہندوستان کے ایک اور ٹیکس چور کی ایکسٹرڈیشن کاعمل مکمل ہوا ہے۔امید ہے حکومت برطانیہ نواز شریف کے معاملے میں بھی پاکستان سے تعاون کرے گا۔ ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ میں متعلقہ حکام رابطے میں ہیں، ایکسٹرڈیشن پرمتعلقہ حکام سےرابطے جلد منظر عام پر آ جائیں گے، 8 سے 10 دن میں دو بڑی چوریاں سامنے آنے والی ہیں، قوم حیران ہو جائے گی کس قدر بڑی واردات کی گئی ہے، ایک چوری 25 ارب روپے تک کی بھی کی گئی ہے۔بابر اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف مزید کیسز سامنے آنے والے ہیں۔ یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کیس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جائیداد کو قرق کرنے کے احکامات جاری کیے تھے ، جہاں نیب کی طرف سے عدالتی حکم پر جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش کی تھیں، نیب کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں بینک اکاؤنٹ ، جائیداد ، گاڑیوں کی تفصیلا ت موجود تھی ،جن کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے نام پر لاہور میں 1650کنال سے زائد زرعی اراضی کو قرق کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے ،جب کہ نواز شریف کے زیر استعمال مرسڈیز، لینڈ کروزر ، دوٹریکٹرز بھی قرق کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ، عدالت کی جانب سے لاہور میں میاں نواز شریف کے نام پر ملکی اور غیر ملکی اکاؤنٹس بھی منجمند کیے جانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے ، جب کہ مری میں نواز شریف کے نام پر بنگلہ اور شیخوپورہ میں 102 کنال اراضی کو بھی قرق کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close