کراچی (پی این آئی) تحریک انصاف نے کراچی میں گرینڈ جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا، حکمراں جماعت کی جانب سے شہر قائد کے باغ جناح گراونڈ میں 25 دسمبر کوجلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا، کراچی کے ہر ضلع میں بھی جلسے کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکمراں جماعت تحریک انصاف نے کراچی میں
جلسوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن کے جلسوں کے مقابلے میں تحریک انصاف بھی بھرپور انداز میں جلسے کرے گی۔ تحریک انصاف کی جانب سے کراچی کے مختلف اضلاع میں اکتوبر سے دسمبر تک جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ بعد ازاں 25 دسمبر کو حکمراں جماعت شہر قائد کے باغ جناح گراونڈ میں گرینڈ جلسے کا انعقاد کرے گی۔ جلسوں کی تیاریوں کے سلسلے میں مقامی قیادت اور کارکنوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف نے گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو شیڈول اپوزیشن کے جلسے والے دن ہی شہر میں ریلی نکالنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس تمام صورتحال میں سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب سے عوامی جلسوں کے انعقاد سے آئندہ چند ہفتوں، چند ماہ کے دوران ملک کا سیاسی درجہ حرارت ٹھیک ٹھاک گرم ہو جائے گا۔ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ جلسوں کا سلسلہ شروع ہونے، تحریک کے آغاز کے بعد حکومت جنوری سے قبل ہی گھر چلی جائے گی۔ جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ اپوزیشن تحریک چلانے اور جلسے کرنا کا شوق پورا کر لے۔ اپوزیشن کو جلسوں کیلئے فری ہینڈ دیا جائے گا، تاہم اگر قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو جیل میں ڈال دیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں