مکہ مکرمہ(پی این آئی) سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم ابتدائی طور پر صرف مملکت میں موجود غیر ملکی اور مقامی افراد ہی حج کر سکتے ہیں ۔ جن کی روزانہ کی تعداد کو فی الحال 6 ہزار تک محدود رکھا گیا ۔ ایک ہزار زائرین کو ایک گروپ کی صورت میں تین گھنٹے کے اندر عمرہ
مناسک مکمل کرنا ہوں گے۔ اس کے بعد اگلے گروپ کی باری آئے گی۔تاہم سعودی وزارت صحت نے چھ قسم کے افراد کو عمرہ اور زیارت موخر کرنے کی ہدایت کی ہے۔اُردو نیوز کے مطابق وزارت صحت نے اپنے ٹوئٹر اکاوٴنٹ پر کہا ہے کہ ‘چھ قسم کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو چاہیے کہ وہ فی الحال عمرہ اور زیارت کا ارادہ نہ کریں۔”ایسے افراد جو غیر مستقل شوگر لیول رکھتے ہیں اور انہیں شوگر کے لیول میں ٹھہراوٴ نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہسپتال داخل ہونا پڑا ہو، انہیں عمرہ اور زیارت کا ارادہ موخر کرنا چاہیے۔”ایسے افراد جن کا بلڈ پریشر ہائی ہے اور اس کے باعث انہیں گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہسپتال داخل ہونا پڑا ہو یا دل کے امراض میں مبتلا ہیں یا جن کے دل کا مسل کمزور ہے، وہ فی الحال عمرہ نہ کریں۔وہ افراد جن کا خود کار دفاعی نظام کمزور ہے، سینے کے امراض میں مبتلا ہیں اور جنہیں گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہسپتال داخل ہونا پڑا ہو ان کے لیے بھی یہی ہدایت ہے۔’وزارت نے کہا ہے کہ ‘حد سے زیادہ موٹاپے کا شکار افراد، جگر کے امراض میں مبتلا یا تاجی شریانوں کے امراض میں مبتلا افراد جنہیں گزشتہ چھ ماہ کے دوران اس بیماری کی وجہ سے ہسپتال داخل ہونا پڑا ہو اور حاملہ خواتین بھی عمرہ اور زیارت موخر کریں۔’وزارت نے کہا ہے کہ ‘مذکورہ بالا قسم کے افراد کو یہ ہدایت ان کی سلامتی کو مد نظر رکھ کر دی جا رہی ہے۔حرمین کی انتظامیہ کے ترجمان ھانی حیدر نے بتایا ہے کہ حرم انتظامیہ نے معذوروں اور بزرگوں کے لیے سپیشل ٹریک قائم کر دیا ہے تاکہ وہ سہولت اورآسانی سے طواف اور سعی کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے معذوروں اور بزرگوں کے مسجد الحرام تک پہنچنے کے لیے بھی سپیشل ٹریک کا انتظام کیا ہے۔ جبکہ مسجد الحرام کے دروازے مرحلہ وار کھولے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں