سانحہ موٹروے کے مرکزی ملزم عابد ملہی نے اعتراف جرم کر لیا،موٹروے تک پہنچنے سے پہلے بھی اسی رات تین وارداتیں کیں

لاہور (پی این آئی) سانحہ گجر پورہ کے مرکزی ملزم عابد ملہی نے اعتراف جرم کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی سے گرفتار کیے جانے والے موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں دوران تفتیش ملزم عابد ملہی نے اعتراف جرم کرنے کے علاوہ کئی انکشافات بھی کیے

ہیں۔ پولیس کی تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا کہ 9 ستمبر کی رات شفقت اور بالا مستری کیساتھ گجر پورہ کی جانب جا رہے تھے، تاہم بالا مستری راستے سے ہی واپس چلا گیا۔موٹروے تک پہنچنے سے قبل میں نے اور شفقت نے 3 ٹرالیوں کو لوٹنے کی وارداتیں بھی کیں۔ عابد ملہی کا بتانا ہے کہ خاتون سےگھڑی، زیورات اور نقدی لوٹنے کے بعد اسے موٹروے سے نیچے جانے کو کہا۔موٹروے سے نیچے اتار کر خاتون کو زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ جب موٹروے پر ڈولفن پولیس آئی تو میں اور شفقت جائے وقوعہ پر ہی موجود تھے۔ ڈولفن اہلکاروں کی فائرنگ کے بعد ملزم شفقت کیساتھ وہاں سے فرار ہوگیا۔بعد ازاں ماسک پہنچ کر کئی روز تک مختلف شہروں کے درمیان سفر کرتا رہا۔ اب پیسے ختم ہو جانے پر بیوی سے رابطہ کیا تو پولیس گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ سانحہ گجر پورہ کا مرکزی ملزم عابد علی چھٹی مرتبہ فرار ہونے میں کامیاب رہا تھا، تاہم پھر پولیس کے ایک مخبر کی وجہ سے ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم عابد علی تاندلیانوالیہ میں واقع اپنے سسرال میں 2 دن سے مقیم تھا۔پولیس کی جانب سے چھاپہ مارنے کے بعد ملزم سسرال سے بھی فرار ہوگیا اور پھر بھیس بدل کر مانگا منڈی میں واقع اپنے والد کے گھر میں آ کر چھپ گیا۔ بھیس بدلنے کی وجہ سے ملزم کی پہچان مشکل ہوگئی تھی، تاہم پولیس کے ایک مخبر نے ملزم کو دیکھ لیا اور پھر اس کی باقاعدہ ریکی کی۔ مخبر نے ملزم کی شناخت کا یقین ہو جانے پر خاموشی سے پولیس کا اطلاع دی اور پھر عابد ملہی گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا اور کل ہی اسے ریمانڈ کیلئے عدالت میں بھی پیش کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سانحہ گجر پورہ کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کیلئے پولیس نے 1 ماہ کی مسلسل کوششوں کے بعد کامیابی حاصل کی۔ سی آئی اے پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ملزم 5 مرتبہ مختلف مقامات پر پولیس کے چھاپہ مارنے پر فرار ہونے میں کامیاب رہا تھا۔تاہم اس مرتبہ خفیہ اداروں اور پولیس کی جانب سے باقاعدہ ریکی کرنے اور موثر حکمت عملی کے تحت ملزم کو ٹریس کیا گیا اور پھر پیر کے روز چھاپہ مار کر ملزم عابد کو گرفتار کر لیا۔ یہاں واضح رہے کہ ایک ماہ قبل لاہور موٹروے پر ایک خاتون کو بچوں کے سامنے رات کے اندھیرے میں 2 ملزمان نے جنسی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تھا۔ واقعے کے چند روز بعد ایک ملزم شفقت گرفتار کر لیا گیا تھا۔ جبکہ اب دوسرا ملزم عابد ملہی بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان اور شہباز گل کی جانب سے بھی ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close