جناب وزیراعظم اندر سے عدم تحفظ کا شکار ہیں، عمران خان اپنی ہر تقریر میں اداروں کی حمایت کا دعویٰ کیوں کرتے ہیں؟حامد میر کا انکشاف

اسلام آباد(پی این آئی) سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ اگر وزیراعظم اپنی ہر تقریر میں کہے کہ ادارے اس کی حمایت کررہے ہیں تو اس کا یہ مطلب لینا غلط نہ ہوگا کہ وزیراعطم اندر سے عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیئر صحافی حامد میر نے اپنے کالم میں لکھا کہ ” جب کوئی منتخب وزیراعظم اپنی ہر

تقریر میں سیاسی مخالفین کو دھمکیاں دے اور یہ تاثر دینے لگے کہ اداروں کے ساتھ اُس کی کوئی لڑائی نہیں اور تمام ریاستی ادارے اُسکی حمایت کر رہے ہیں تو یہ مطلب لینا غلط نہ ہوگا کہ جناب وزیراعظم اندر سے عدم تحفظ کا شکار ہیں”۔سینیئر صحافی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن اس وقت کسی بھی قسم کی تبدیلی چاہیں گے تو یہ ان کے لیے نقصان دہ ہوگا، اس وقت کسی کے پاس کوئی نظریہ نہیں ہے، اپوزیشن اور حکومت دونوں بغیر کسی نظریے کے چل رہے ہیں۔جب تک ان کے پاس کوئی نظریہ نہیں ہو گا وہ حقیقی تبدیلی نہیں لا سکتے ہیں۔ اگر اس صورتحال میں کوئی تبدیلی لائی گئی تو وہ اپوزیشن اور حکومت دونوں کے لیے نقصان دہ ہوگی۔سینیئر صحافی نے کہا کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر کی جانب سے میاں نواز شریف کی جدوجہد کو امام خمینی سے ملانے کی کوشش کی تھی، امام خمینی کے پاس نظریہ تھا جو انقلاب لے کر آیا تھا، کارل مارکس کے پاس بھی نظریہ تھا جس پر چل کر لینن نے روس میں انقلاب برپا کر دیا تھا۔ ہماری اپوزیشن یا حکومت دونوں کے پاس کوئی نظریہ نہیں ہے۔وزیراعظم عدم تحفظ کا شکار ہیں، ان کی ہر دوسری تقریر میں اداروں کا ذکر ہوتا ہے۔ سینیئر صحافی کا کہنا تھا کہ اگر ایسے ہی وزیراعظم اپنی ہر تقریر میں کہتے رہے کہ ادارے ان کے ساتھ ہیں اور ان کو کوئی خطرہ نہیں، اور اپوزیشن کو اداروں کے نام سے ڈرائیں گے تو یہی تاثر جائے گا کہ وزیراعظم خود عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ادارے حکومت کے ساتھ ہیں، ایجنسیوں کو خبر ہے کہ میں کیسی زندگی گزار رہا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں