اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا ہے کہ کراچی، اسلام آباد، آزادکشمیر میں منی اسمارٹ لاک ڈاوَن دوبارہ نافذ کردیا گیا ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک بھرمیں انتظامیہ کوحفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے، جب کہ کورونا کے خلاف کامیابی پہلے
کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے ، گزشتہ 6 ہفتے اوسط قومی سطح پر کورونا کیسز کی تعداد 2 فیصد سے کم تھی ، تاہم پچھلے ہفتے کورونا کے کیسز کی تعداد 2 فیصد سے زیادہ رہی ہے ۔دوسری طرف صوبہ پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کردیا گیا ، مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق 14 دن کے لیے ہوگا اور اس دوران مثبت کیس والے گھر کو سیل کیا جائے گا ، محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن میں شامل ہیں ، اس سلسلے میں اب تک صوبہ بھر میں 856 مقامات کو مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت سیل کردیا گیا ، کیوں کہ ان علاقوں میں 1235 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں ، جہاں 7295 افراد کو قرنطینہ کردیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں 123 مقامات کو سیل کردیا گیا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ فیصل آباد اور گجرات میں 42 ، 42 گوجرانوالہ ، حافظ آباد اور جھنگ میں 40 ، 40 مقامات شامل ہیں ، ملتان میں 26 ، سرگودھا میں 24 ، ننکانہ صاحب میں 23 ، ساہیوال میں 12 ، بہاولپور میں 12، منڈی بہاؤالدین میں 12 ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 11 مقامات کو سیل کردیا گیا ۔مزید یہ کہ شیخوپورہ میں 5 ، میانوالی 5 ، اوکاڑہ 5 ، وہاڑی میں 3 ، خانیوال اور خوشاب میں بھی تین تین مقامات سیل کیے گئے ، جب کہ رحیم یار خان اور نارروال 2 ، مظفر گڑھ 2 ، لاہور، لیہ قصور دو ، اٹک اورچینوٹ میں دو دو، جہلم میں ایک، بہاولنگر، بھکراورچکوال میں ایک ایک مقام مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن میں شامل ہے ، اس کے علاوہ لودھراں ایک، پاکپتن اور راجن پور میں بھی ایک ایک مقام 14روز کے لیے مکمل طور پر سیل رہیں گے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں