اسلام آباد(این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم کو ٹائیگرز فورس کی نہیں ، سستی اشیاء کی ضرورت ہے ۔ ہر حکومت نے اپنی فورس بنائی جس نے سب کچھ ہڑپ کر کے عوام کی زندگی اجیرن کردی ۔ حکومت کے ٹائیگرز نے تو باہر سے ملنے والی امداد کو بھی نہیں چھوڑا ۔ حکمران باہر
سے میٹھے اور اندر سے کڑوے ہیں ۔ عوام بھی اپنے قول و فعل سے باہر نکلیں ، سانپوں کے منہ میں دودھ ڈالنے کی بجائے اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کی فکر کریں ۔ حکومت عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے ۔ جماعت اسلامی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف سخت احتجاج کرے گی اور ملک بھر میں عوام کو منظم کیا جائے گا ۔ علمائے کرام قومی یکجہتی اور اتحاد کو قائم رکھنے اور فرقہ واریت کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام فیملی گالا پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ فیملی گالا میں سینکڑوں خاندان جمع تھے ۔ خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں پروگرام میں شرکت کی ۔ فیملی گالا سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، چوہدری منظور گجر اور امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نالائق اور نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ضروری ہو گیاہے ۔ اگر یہ حکومت مزید کچھ عرصہ رہی تو عوام بھوکے مرنے لگیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم ان ٹائیگرز کو اشیاء کی قیمتیں معلوم کرنے پر لگا رہے ہیں جو پہلے ہی آٹا چینی کھا گئے ہیں ۔ ہمیں ٹائیگرز نہیں ، انسانیت سے محبت کرنے والے اور عوام کے دکھ درد کو اپنا دکھ د رد سمجھنے والے ہمدرد اور مخلص لوگ چاہئیں ۔ انہوںنے کہاکہ لاہور میں 78 روپے کلو آٹا اور پھر بھی سناٹا ہے ۔ چینی 105 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ چینی 40 روپے اور آٹا 30 روپے اور دال 20 روپے فی کلو کی جائے تاکہ لوگ عزت کے ساتھ رہ سکیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ دنیا پر فرعونی نظام مسلط ہے مگر آج کے ابو جہل کے خلاف کوئی بات کرنے والا نہیں، اس فرعونی نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب سے زیادہ مسلمان ہیں مگر کسی مسلمان ملک کے پاس ویٹو پاور نہیں ۔ اگر امت متحد ہو جائے تو فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل دنوں میں حل ہوسکتے ہیں اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے قتل عام کو روکا جاسکتاہے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے اپنے خطاب میں کہاکہ عوام ان ظالم حکمرانوں سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں کو عوام کی آواز بننے اور انہیں ظلم و جبر کے اس استحصالی نظام سے نجات دلانے کے لیے ہر سطح پر تحریک کو منظم کرنا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ زندہ دلان لاہور حکومت کے خلاف تحریک میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے ۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں