ملتان (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ حکومت کا احتساب پر کوئی رعایت دینے کا ارادہ نہیں ہے،اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد غیر فطری ہے، مختلف ایجنڈوں کے لوگ یکجا ہوگئے ہیں،قومی اداروں پر تنقید کرنے والے کس کے ایجنڈے پر ہیں؟،اپوزیشن کے جلسے ملک میں کورونا
کو ہوا دیں گے، اپوزیشن اپنا احتجاج موخر کر دے ۔ میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد غیر فطری ہے، مختلف ایجنڈوں کے لوگ یکجا ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مْک مْکا کی طرف دیکھ رہی ہیں جبکہ حکومت کا احتساب پر کوئی رعایت دینے کا ارادہ نہیں ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مخالف ایجنڈے کو ہوا دی جارہی ہے، میں پوچھتا ہوں کہ قومی اداروں پر تنقید کرنے والے کس کے ایجنڈے پر ہیں؟انہوںنے کہاکہ جلسے جلوس سیاست کا حصہ ہیں، ہم بھی اس کے ماہر ہیں، اپوزیشن کے جلسے ملک میں کورونا کو ہوا دیں گے۔شاہ محمود قریشی نے استفسار کیا کہ سینیٹ الیکشن سے پہلے ہی اپوزیشن جماعتوں پر شکست کا خوف کیوں طاری ہو چکا ہے؟وزیر خارجہ نے کہاکہ اپوزیشن کے ارکان مگرمچھ کے آنسو بہانا چھوڑ دیں،قومی اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹنے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن ارکان احتساب کے عمل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں،ملک میں عدم استحکام ہوگا تو معاشی بحالی میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن کو متنازع بنانے کی کوشش نہ کی جائے، گلگت بلتستان سے سی پیک کا راستہ ہو کر گزرتا ہے، وہاں شرپسندی دشمن کی خواہش ہے۔انہوں نے کہا کہ میری اپوزیشن سے درخواست ہے کہ اگر عوام کا درد ہے تو اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں