کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے دوسروں کو چور اور ڈاکوں کہنے والی حکومت میں خود چینی ،آٹا اور ادوایات چور موجود ہیں حکومت
کے احتساب کا وقت قریب آگیا ہے۔یہ بات انہوں نے 25اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے کارکنوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ابھی تو حکمرانوں کے خلاف تحریک کا آغاز ہی کیا ہے لیکن وزیراعظم اورانکے نام نہاد ترجمان بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور انکے پاس اپوزیشن کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے غیر جمہوری حکومت کے خاتمے کیلئے جدوجہد شروع کردی ہے اور غیر جمہوری حکومت کے خاتمے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے حکومتی وزرا کام کرنے کے بجائے سارا دن اپوزیشن جماعتوں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرتے نظرآتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے پی ڈی ایم کے زیراہتمام ہونے والے 25اکتوبر کے کوئٹہ میں جلسے میں بھر پور شرکت کریں گے بلوچستان کا پی ڈی ایم کا جلسہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جیالے پچیس اکتوبرکے جلسے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے دن رات محنت کریں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں