مریم نواز کو حکومت نے بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا، ن لیگی کارکنان کیلئے بھی خوشخبری آگئی

لاہور(پی این آئی) وفاقی اور صوبائی حکومت نے احتجاجی جلسوں کے دوران مریم نواز کو گرفتار نہ کرنے کا عندیہ دے دیا، وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزراء نے اتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن کو احتجاج کیلئے فری ہینڈ دیا جائے، کسی غیرجمہوری اقدام بجائے حکومتی بیانیئے سے اپوزیشن کو بےنقاب کیا جائے۔ تفصیلات کے

مطابق وزیر اعلی عثمان بزدار سے وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود، فواد چودھری، چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر اور شہزاد اکبر نے ملاقات کی۔ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے کہ اپوزیشن کو احتجاجی سرگرمیوں کیلئے اجازت کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ پنجاب اور وفاقی حکومتی شخصیات نے اپوزیشن کو فری ہینڈ دینے کی تجویزدی ہے۔کچھ شخصیات کی کورونا خدشات کے باعث جلسوں سے گریز کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ یہ تجویز بھی دی گئی کہ احتجاجی جلسوں کے دوران مریم نواز کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جائے۔ اتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے کوئی غیرجمہوری اقدام نہیں اٹھایا جائے گا۔ اپنا بیانیہ اجاگر کرکے اپوزیشن کو بےنقاب کیا جائے۔ حکومتی پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیر اعلی آفس میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود، فواد چوہدری، چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگراور مشیر برائے وزیر اعظم شہزاد اکبرنے ملاقات کی جس میں پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر بھی بات چیت کی گئی- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر، قصبے اور دیہات کی یکساں ترقی کے لئے پائیدار عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔کوئی بھی شہر یا قصبہ ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گااور اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال 1394 زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کومکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پنجاب میں کورونا صورتحال کے پیش نظر 56 ارب روپے کا ریکارڈ ٹیکس ریلیف دیا گیا۔ صحت اور تعلیم سمیت سوشل سیکٹر کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔پنجاب میں ٹیکس کم کئے گئے مگر ٹیکس بیس کو بڑھایا جا رہا ہے۔ 61 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹس مسترد کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سخت مالی ڈسپلن پر کاربند ہیں۔ ترقی کے عمل میں وفاقی وزراء کے تجربے اور رہنمائی سے استفادہ کیا جائے گا-صوبے میں تعمیراتی سیکٹر کے لئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں -سٹمپ ڈیوٹی کی شرح 5 فیصد سے کم کر 1 فیصد کر دی گئی ہے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں میں بھی ترقیاتی کام کرائے جائیں گے -اس ضمن میں موثر میکنزم مرتب کر کے آگے کی طرف بڑھیں گے – پنجاب اسمبلی کے اراکین کی طرح اراکین قومی اسمبلی بھی میرے ساتھی ہیں – اراکین قومی اسمبلی کو ان کا جائز حق ضرور دیں گے – نئے بلدیاتی نظام کے تحت عوام کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنایا جائے گا-وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر مربوط انداز میں کام کریں گے -وفاقی وزیراسد عمر نے کہا کہ عوام کو سہولتیں پہنچانے کے لئے پنجاب اور وفاق قدم سے قدم ملا کر چلیں گے – وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی سے لوگوں کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں گے- وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے-اس موقع پر وفاقی وزراء نے ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کی سکیموں کے بارے میں تجاویز دیں – وزیر اعلی عثمان بزدار نے وفاقی وزراء کی تجاویز اور سفارشات پرعملدرآمد کی یقین دہانی کرائی- چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بریفنگز دیں -صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمود الرشید ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں