لندن (پی این آئی) سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اب قوم نے اپنا فیصلہ صادر کرنا ہے اور جب قوم فیصلہ سنائے گی تو سب فیصلے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ وہ اٹھے، اگر 2، 4 مہینے کیلئے جیل جانا بھی پڑے تو چلے جائیں۔لندن میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق
وزیر اعظم نواز شریف نے خود کو اشتہاری قرار دینے اور ڈھول پیٹنے کے حوالے سے کہا کہ جو کچھ ہورہا ہے کیا قوم اس سے اتفاق کرتی ہے؟ اب تو قوم نے فیصلہ صادر کرنا ہے، سارے فیصلے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے، قوم اپنا فیصلہ صادر کرکے رہے گی۔میڈیا پر پابندیوں کے حوالے سے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ میڈیا پر کچھ تو پابندیاں لگ رہی ہیں اور کچھ میڈیا خود اپنے آپ پر پابندیاں لگا رہا ہے۔ میڈیا بھی اٹھے، گھٹنے نہ ٹیکے، ہم تو اٹھ گئے ہیں، عوام کو بھی اٹھنے کیلئے کہا ہے، میڈیا بھی اٹھے، کیا ہوجائے گا اگر 2 سے 4 مہینے کیلئے جیل جانا بھی پڑ جائے، اس سے میڈیا ہمیشہ کیلئے آزاد ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ قوم کا مینڈیٹ چوری کرکے ظلم کیا گیا ہے، میرا ووٹ ان کے اور ان کا ووٹ میرے باکس میں ڈال دیا گیا، جیتا میں تھا ڈکلیئر ان کو کردیا گیا۔ جو میں باتیں کر رہا ہوں وہ ٹی وی پر دکھائی نہیں جاسکتیں، اگر بوجھ برداشت کرسکتے ہیں تو میں اور بھی باتیں کرسکتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں