کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ، صوبہ پنجاب میں دوبارہ لاک ڈائون نافذ کرنے کا امکان

لاہور (پی این آئی) پنجاب میں کورونا کیسز اور اموات بڑھنے لگی ہیں جس سے دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا نے خبردار کیا کہ چند روز سے کورونا کے مریض اور اموات بڑھ رہی ہیں۔کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا

اجلاس وزیر قانون پنجاب راجا بشارت کی زیر صدارت ہوا۔جس میں وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،میاں اسلم اقبال اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلا س میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کورونا کی سابقہ لہر سندھ اور کراچی کے بعد آئی تھی۔حالات میں بہتری کے بعد اب دوبارہ سے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔گجرانوالہ، ننکانہ صاحب اور گجرات ہائی رسک اضلاع ہیں۔لوگوں نے احتیاط نہ کی تو متاثرہ علاقوں میں دوبارہ سمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا سکتا ہے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ضرورت ہے۔یہ بھی بتایا گیا کہ ہالز میں ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی نظر نہیں آ رہی۔محکمہ صحت پنجاب نئے ایس او پیز بنائے جن پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے۔عوام کی آگاہی کے لیے تشہیری مہم چلائی جائے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کی115نئے کیسز، تعداد100,148 ہو گئی، ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق لاہورمیں 67،شیخوپورہ ایک،راولپنڈی8،جہلم 4،چکوال ایک ،گوجرانوالہ میں3‘گجرات6،ملتان4،خانیوال ایک،فیصل آباد2،ٹوبہ ٹیک سنگھ ایک‘رحیم یارخان میں3‘سرگودھا2،میانوالی ایک،بہاولپور2،ڈیرہ غازی خان3،راجن پور2،ساہیوال 2،اوکاڑہ ایک اور پاکپتن میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے،ترجمان نے مزید بتایا کہ کوروناوائرس سے مزید2ہلاکتیں جبکہ جاں بحق ہونیوالوں کی کل تعداد 2,245ہوگئی ہے‘ اسی طرح اب تک1,331,189ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 96,089 ہو چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close