کراچی (پی این آئی) معروف صنعت کار سراج قاسم تیلی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں حکومت کیخلاف اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان جیسے روایتی سیاستدانوں کو اقتدار میں واپس لانے کی کوشش کی گئی تو یہ
جان لیں کہ سرمایہ کار ملک چھوڑ جائیں گے، اپنا سرمایہ یہاں سے لے جائیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ملک کو لوٹنے والے چور ڈاکو اور لٹیرے سیاستدان اگر دوبارہ اقتدار حاصل کر گئے تو پھر ملک میں کاروبار کرنے والے لوگوں کے پاس ملک کو خیرباد کہنے کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہوگی۔سابق وزیر خارجہ اور ماضی میں اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب کی ذمے داریاں نبھانے والے عبد اللہ حسین ہارون سے کی جانے والی گفتگو میں سراج قاسم تیلی نے ترجمان پاک فوج سے یہ تک مطالبہ کیا کہ ملک کے کاروباری طبقے کو جو تحفظات لاحق ہیں، اس حوالے سے بیان جاری کر کے وضاحت کی جائے، تحفظات دور کیے جائیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ جو باتیں وہ کر رہے ہیں، وزیراعظم کو بھی یہ باتیں کھل کر کرنی چاہیں۔ اور اگر کسی مجبوری کی وجہ سے وہ سب کہنے سے قاصر ہیں، تو وہ کرسی کو لات ماریں اور دوبارہ الیکشن کروائیں، ہم انہیں دوبارہ دو تہائی اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے، کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر کا مزید کہنا ہے کہ ہم نہ نواز شریف کو لیڈر مانتے ہیں نہ زرداری کو نہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے ساتھیوں کو۔ اگر چور ڈاکو لٹیرے دوبارہ اقتدار میں واپس آئے تو پھر اس ملک میں نہیں رہیں گے دنیا کے کسی اور کونے میں جا کر بیٹھ جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں