کیا عمران خان نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے؟ گیلپ کے تازہ ترین سروے میں عوام کا ردِ عمل آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) گیلپ پاکستان کی جانب سے حکومتی کارکردگی اور نوازشریف کے حکومت پر الزامات کے بعد عوامی سروے کروایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گیلپ کی جانب سے جاری کیے گئے سروے میں موجودہ حالات میں وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی دو سالہ کارکردگی سے متعلق عوامی آراء جاننے

کے لیے پاکستان کے 100 اضلاع کے 1500 لوگوں سے مختلف نوعیت کے سوالات کیے گئے۔گیلپ پاکستان کی جانب سے پوچھے گئے سوال ” نواز شریف نے عمران خان پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو عمران خان نے نقصان پہنچایا ہے” کیا آپ نے نواز شریف کے الزام سے متفق ہیں؟ کے جواب میں منتخب افراد میں سے 44% نوجوانوں نے متفق اور 43% نوجوانوں نے غیر متفق کہا۔ مجموعی طور پر نواز شریف کے الزام پر 47 فیصد لوگوں نے متفق اور 41 فیصد لوگوں نے غیر متفق کہا، تاہم 12 فیصد افراد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔گیلپ کے سروے کے مطابق 47 فیصد لوگوں کی رائے ہے کہ عمران خان نے معیشت کو نقصان پہنچایا ہے جس کا مطلب ہے کہ ملک کی اکثریت یہ سمجھتی ہے کہ نواز شریف نے عمران خان پر جو الزام لگایا وہ درست ہے۔ ذرائع کے مطابق گیلپ پاکستان کے سروے کے مطابق اے پی سی میں نواز شریف کے خطاب پر عوام تقسیم ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف نے اے پی سی میں جو بیان دیا تھا اس کو 39 فیصد افراد نے یکسر مسترد کر دیا، جبکہ 33 فیصد افراد نواز شریف کے بیانیے کے حامی نکلے۔سروے کے دوران منتخب لوگوں سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ نواز شریف کے خطاب میں اختیار کئے گئے عمومی مؤقف کی حمایت کرتے ہیں؟ جس کے جواب میں 33 فیصد افراد نے نواز شریف کے مؤقف کی حمایت میں اور 39 فیصد افراد نے مخالفت میں جواب دیا، جبکہ 24 فیصد افراد نے ملا جلا ردعمل اور چار فیصد افراد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔واضح رہے کہ گیلپ سروے کے مطابق ہر 3 میں سے 1 پاکستانی نے نواز شریف کے اے پی سی میں اختیار کئے گئے عمومی موقف کی حمایت کی ہے۔گیلپ سروے میں شماریاتی طور پر منتخب افراد سے پوچھا گیا کہ کیا آپ نے اے پی سی میں نواز شریف کا خطاب سنا؟ جس پر 21 فیصد افراد نے ہاں اور 79 فیصد افراد نے نہیں میں جواب دیا، اس طرح گیلپ سروے کے مطابق ہر پانچ میں سے ایک فرد نے نواز شریف کا اے پی سی سے کیا گیا خطاب سنا ہے۔ واضح رہے کہ گیلپ سروے منتخب آبادی میں مختلف لوگوں سے رائے شماری کرتا ہے۔ گیلپ سروے میں عوام نے عمران خان کی معاشی پالیسیوں کو ناکام قرار دے دیا جبکہ نواز شریف کا اداروں کے خلاف بیانیہ بھی عوام کی جانب سے رد کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close