اسلام آباد(پی این آئی)نیول ہیڈ کوارٹر میں پروقار تقریب، ایڈمرل امجد نیازی نے پاک بحریہ کے 22ویں سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں، اسلام آباد میں واقع نیول ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل محمد امجد نیازی نے ذمےداریاں سنبھال لیں، وہ پاک بحریہ
کے 22 ویں سربراہ ہیں۔پاکستان کے نئے امیر البحر وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کوآج کمان سنبھالنے سے پہلے ایڈمرل کے عہدے پر فائز کیا گیا اور بیج لگائے گئے۔کمان سنبھالنے کے بعد پاکستان نیوی کے نئے چیف آف اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا رینک فور اسٹار ہو گیا، انہوں نےکمان سنبھالنے کی تقریب سے پالیسی ساز خطاب بھی کیا۔سبکدوش ہونے والے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی کو مبارک باد دی۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ میں نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر خصوصی توجہ دی، 4 چینی فریگیٹ آئندہ 2 برس میں پاک بحریہ میں شامل ہوں گے، پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی این ایس ہیبت کی کمیشننگ رواں سال کے آخر میں ہوگی، گوادر میں بحری اڈہ قائم کیا جا رہاہے، میرین ٹریننگ سینٹر کراچی سے گوادر منتقل کر دیا گیا ہے۔ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اپنی ذمے داریاں سنبھالنے کےبعد صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف حسین علوی، وزیرِ اعظم عمران خان، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ندیم رضا سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے اور انہیں بحری دفاع کے تقاضوں سے متعلق اپنی حکمتِ عملی پر اعتماد میں لیں گے۔واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو نیا نیول چیف تعینات کیا ہے۔وزیرِ اعظم آفس کے مطابق محمد امجد خان نیازی کو وائس ایڈمرل سے ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ظفر محمود عباسی کی جگہ نیول چیف کا عہدہ سنبھالا ہے۔ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی تلوار حاصل کی ہے اور بھارت کے ساتھ حالیہ تناؤ کے دوران انہوں نے اس پاکستانی فلیٹ کی کمانڈ کی تھی جس نے پاکستانی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا تھا۔ایڈمرل محمد امجد نیازی کی زیرِ کمان پاکستانی فلیٹ نے بھارتی آبدوز کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں