اسلام آباد (پی این آئی) سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی امید پیدا ہوگئی، مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے سرکاری ملازمین کی جانب سے دیا جانے والا دھرنا ختم، وفاقی وزیر علی محمد خان نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے وزیراعظم سے بات کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔تفصیلات کے
مطابق ملک بھر کے سرکاری ملازمین کی جانب سے پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے دیے جانے والا دھرنا ختم کر دیا گیا ہے۔دھرنا منتظمین اور حکومتی افراد کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے علی محمد خان نے وفد کی قیادت کرتے ہوئے دھرنے کے شرکاء کو یقین دہانی کروائی کہ تنخواہوں میں اضافے کیلئے وزیراعظم سے بات کی جائے گی۔علی محمد خان کی یقین دہانی کے بعد سرکاری ملازمین نے دھرنا ختم کر دیا۔ واضح رہے کہ منگل کے روز پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے ملک بھر سے آنے والے سرکاری ملازمین کا تنخواہوں میں اضافے اور ملک میں شدید مہنگائی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔دھرنے کے باعث پارلیمنٹ کے داخلی راستوں کو مکمل طور پر بند کردیا گیا۔ مظاہرہ ڈی چوک سے شروع ہوا جس کے بعد مظاہرین نے پارلیمنٹ ہائوس کی سمت جانے والے راستوں سے رکاوٹیں ہٹا دیں اور پارلیمنٹ کے مین گیٹ کے سامنے پہنچ گئے۔ اس دوران مظاہرین نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ جبکہ کئی اپوزیشن رہنماوں نے بھی سرکاری ملازمین کے دھرنے میں شرکت کر کے ماحول کو گرمانے کی کوشش کی۔ اپوزیشن رہنماوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کیساتھ ظلم ہو رہا ہے، اس ظالم حکومت سے جان چھڑوا کر دم لیں گے۔ پورا دن پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے دھرنا دینے کے بعد، اور حکومتی وفد سے مذاکرات کرنے کے بعد اب سرکاری ملازمین گھروں کو لوٹ گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں