آرمی چیف کا الیکشن میں دھاندلی سے کوئی تعلق نہیں، سابق وزیراعظم نے آخرکار اعتراف کر لیا

لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا الیکشن میں دھاندلی سے کوئی تعلق نہیں، میری نومبر2018ء میں آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تھی، میں نے آرمی چیف سے الیکشن میں دھاندلی کا کوئی شکوہ نہیں کیا، محمد زبیر کی آرمی چیف سے ملاقات کی غلط

انداز میں تشہیر کی گئی۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا کہ مسلم لیگ ن کیخلاف غداری کا مقدمہ حکومت نے قائم کیا ہے۔ کئی روز سے حکومت کے وزراء ہم پرغداری کے الزامات لگا رہے تھے۔ اب فیصلہ ہوجانا چاہیے کہ غدار کون ہے؟ ہمیں گرفتار کر کے ہم پرغداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ ہماری تحریک الیکشن میں دھاندلی کرنے، آئین توڑنے اور ملکی معیشت تباہ کرنے والوں کےخلاف ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ محمد زبیر اور آرمی چیف کی ملاقات باہمی رضا مندی سے ہوئی۔ محمد زبیر کی آرمی چیف سے ملاقات کی غلط انداز میں تشہیر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میری نومبر2018ء میں آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تھی۔ میں نے آرمی چیف سے الیکشن میں دھاندلی کا شکوہ نہیں کیا۔ آرمی چیف کا الیکشن میں دھاندلی سے کوئی تعلق نہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے دھرنے کے دوران نوازشریف سے استعفیٰ مانگا تھا۔مجھے آصف زرداری پر مکمل اعتماد ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پیپلزپارٹی کے تحفظات کے بعد کوئٹہ میں جلسہ ملتوی کرتے ہوئے 18 اکتوبر میں کراچی میں جلسے کا اعلان کیا تھا جس کی میزبانی پیپلزپارٹی کرے گی۔پی ڈی ایم 22 نومبر کو پشاور، 25 نومبر کو کوئٹہ، 30 نومبر کو ملتان، 13 دسمبر کو لاہور، 16 دسمبر کو گوجرانوالہ اور 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں جلسہ کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close